یو بی ایل لندن برانچ نے پاکستان کی 10لاکھ پاﺅنڈ(تقریباً 21کروڑ 74لاکھ روپے) کی رقم منجمد کر دی۔ یو بی ایل لندن برانچ کی طرف سے یہ اقدام 3ہفتے قبل براڈ شیٹ کے حق میں دیئے گئے لندن ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کے تحت اٹھایا گیا۔ یو بی ایل نے پاکستان کے خلاف آنے والے اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اس کی رقم منجمد کرنے کے بعد براڈ شیٹ اور لندن ہائی کورٹ کو تحریری طور پر اس سے آگاہ کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق لندن ہائی کورٹ نے 15فروری کو یونائیٹڈ نیشنل بینک لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے فنڈ منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جبکہ اس حوالے سے عدالتی اخراجات کا تعین جون میں مقدمے کی سماعت کے دوران کیا جائے گا۔ براڈشیٹ کے وکلاءنے قومی احتساب بیورو اور اٹارنی جنرل کے دفتر کو اپنے خط میں لکھا تھا کہ یونائیٹڈ نیشنل بینک نے اس بات کی تحریر طور پر تصدیق کر دی ہے کہ فنڈز منجمد کر دیئے گئے ہیں اور بینک مزید احکامات کا منتظر ہے۔
براڈشیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے بھی پاکستان کے 10لاکھ پاﺅنڈز منجمد ہونے کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ وہ مقدمے پر اٹھنے والے اخراجات کی وصولی کے لیے دوبارہ عدالت جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت پاکستان کی طرف سے رقم کی ادائیگی نہ کیے جانے پر ہمارے پاس مزید قانونی کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔واضح رہے کہ پاکستان براڈ شیٹ کوگزشتہ سال دسمبر میں پہلے ہی 2کروڑ 80لاکھ ڈالر ادا کر چکا ہے۔