سٹاک ہوم(عارف کسانہنمائدہ جنگ) پاکستان کے ایک سکول کو سویڈن میں بین الاقوامی فن تعمیر کا شاہ کار قرار دیتے ہوئے ایوارڈ دیا گیا ہے۔ جنوبی سویڈن کے شہر ویرسے رُم میں واقع آرکیٹیکچر میوزیم نے اس کا علان کیا ہے۔ یہ سکول ٹیپو سلطان مرکز، جھاڑ ملاوی نزد لاہور ہے۔ اس سکول کو ایشیا کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے اور یہ دیہاتی بچیوں کی ایک درسگاہ ہے۔ سکول کی تعمیر میں بانس اور مٹی کا زیادہ استعمال کیا گیا ہے اور یہ فن تعمیر کا ایک نادر نمونہ ہے۔ عمارت میں شمسی توانائی کے استعمال کو برئوے کار لایا گیا ہے۔سکول کا یہ پروجیکٹ کو جرمنی کے ماہر فن تعمیرات Arne Toennisen کی زیر نگرانی مکمل ہوا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد مقامی روایات اور وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے قدرتی توانائی کے ذرائع کو استعمال کرکے اس جیسے مزید منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔ اسی سلسلہ میں لاہور میں یونیورسٹی کیمپس میں دو منزلہ گھر بھی تعمیر کیا جائے گا۔ نجی اور سرکاری شعبہ اگر اس قسم کے منصوبہ جات کی حوصلہ افزائی کرے تو یہ نہ صرف ماحول دوست تعمیرات ہوں گی جو مقامی وسائل کو استعمال میں لاسکیں گی بلکہ یہ فن تعمیر کا ایک حسین سلسلہ بھی ہوگا۔