پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کاآغاز20 فروری کو کراچی سے ہوگا جس کی ٹکٹوں کی قیمت بھی سامنے آ گئی ہے ۔
انتظامیہ کا کہناہے کہ ملک بھر میں تیس سے زائد مراکز پر ٹکٹیں دستیاب ہوں گی ، سب سے مہنگے ٹکٹ افتتاحی میچ کے رکھے گئے ہیں جن کی قیمت ایک ہزار سے چھ ہزار روپے تک ہو گی جبکہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ 22 مارچ کولاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، فائنل کی زیادہ سے زیادہ ٹکٹ پانچ ہزار روپے کی ہو گی ۔پاکستان سپر لیگ کے زیادہ تر میچوں کی قیمت پانچ سو سے 3 ہزار روپے تک ہو گی ۔
پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔