چاول کھانے میں تو بڑی مزے کی چیز ہیں لیکن انہیں بہترین انداز میں پکانا ایک ایسا فن ہے جس کی مہارت ہر کسی کے پاس نہیں ہوتی۔ کہیں یہ سخت نہ رہ جائیں، زیادہ نرم نہ ہوجائیں، ذائقہ اور خوشبو متاثر نا ہو جائے، غرضیکہ ایسی بہت سی باتیں ہیں کہ جن کا بیک وقت خیال رکھنا ہر کسی کے بس میں نہیں۔ چاولوں کی اسی حساسیت کے پیش نظر آسٹریلیا کے مشہور شیف مونٹی کلوڈرووک نے ایک راز کی بات بتا دی ہے جو کسی بھی قسم کے چاولوں کو لاجواب انداز میں پکانے کا مجرب ٹوٹکہ ہے۔
مونٹی کہتے ہیں کہ بہترین چاول پکانے کا راز یہ ہے کہ انہیں بار بار دھوئیں۔ چاول پکانے سے پہلے عام طور پر انہیں بھگو تو دیا جات ہے لیکن بار بار دھویا نہیں جاتا۔ مونٹی کے مطابق اگر آپ انتہائی اعلیٰ کوالٹی کے چاول پکانا چاہتے ہیں تو انہیں ایک بار دھوئیں اور پانی نکال دیں، پھر دھوئیں اور پانی نکال دیں، اور اسی طرح تقریباً 30 دفعہ دھوئیں۔وہ بتاتے ہیں کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بھگوکر رکھنے کے بجائے بار بار دھونے سے چاولوں کے اندر موجود نشاستے میں پانی جذب نہیں ہوتا۔ بعدازاں جب آپ انہیں گرم پانی میں ڈالتے ہیں تو نشاستہ پانی جذب ہونے کی بجائے پھولتا ہے، جس کے باعث چاول خوش رنگ اور بہت کھلے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کا ذائقہ محفوظ رہتا ہے اور خوشبو بھی لاجواب ہوتی ہے۔