برطانیہ میں چھ ہفتے کے ایک بچے کی نیند میں ہی موت واقع ہو گئی اور اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کے جسم میں ایسی چیز کی موجودگی کا انکشاف منظرعام پر آ گیا کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔.
ڈیلی سٹار کے مطابق برطانوی شہر ایکرنگٹن میں ہیری نامی یہ بچہ اپنی ماں نتالی وائٹ ہیڈ کے پاس سو رہا تھا۔ نتالی صبح 11بجے سو کر اٹھی اور اپنے بچے کو پہلو میں بے سدھ پایا۔ اس نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی اور ریسکیو اہلکاروں نے آتے ہی بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔
بچے کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر چارلس ولسن اور ڈاکٹر میلینی نیوبولڈ نے بتایا کہ بچے کے خون میں ’کوکین‘ کی موجودتھی تاہم ڈاکٹروں نے کوکین کو بچے کی موت کی وجہ قرار نہیں دیا جس سے نتالی اپنے خلاف قانونی کارروائی سے بچ گئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس بات کے کافی شواہد نہیں ملے کہ بچے کی موت اس کے جسم میں موجود کوکین کی وجہ سے ہوئی اور اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی کہ نشے کی وجہ سے ماں نے بچے کو کچل ڈالا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نتالی کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے عدالت میں پیش کرنا چاہتی تھی تاہم ڈاکٹروں کی اس رپورٹ نے اسے بچا لیا۔
واضح رہے کہ افسوسناک واقعے کی رات نتالی اور اس کے پارٹنر دونوں نے ہی کوکین اور شراب پی تھی۔