اینکر پرسن کامران خان نے چین میں پاکستانی کمپنی کی قرآن مجید ایپلی کیشن ہٹائے جانے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں کامران خان نے کہا ” پاکستانی کمپنی کی انتہائی مقبول قرآن مجید ایپ پرایپل اسٹور نے چینی حکومت کے حکم پر چین میں پابندی عائد کردی ہے، اس قرآن ایپ کو دنیا میں چار کروڑ لوگ استعمال کرتے ہیں، چینی ترجمے کے ساتھ قران مجید کو دس لاکھ چینی استعمال کرتے تھے ، چینی مسلمانوں کی بھی خبر رکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔”
خیال رہے کہ چین میں ایپل کے ایپ سٹور سے قرآن مجید ایپ کو ہٹا دیا گیا ہے۔ قرآن مجید ایپ بنانے والی کمپنی پی ڈی ایم ایس نے اپنے بیان میں کہا ہے ” ایپل کے مطابق ، ہماری ایپ قرآن مجید چین میں ایپ سٹور سے ہٹا دی گئی ہے کیونکہ اس میں ایسا مواد موجود تھا جس کیلئے چینی حکام سے علیحدہ سے اجازت درکار تھی، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ چینی حکام سے جلد از جلد رابطہ کرکے اس مسئلے کو حل کیا جاسکے۔”کمپنی کے مطابق قرآن مجید ایپ کے چین میں 10 لاکھ سے زائد صارفین ہیں۔