کرونا وائرس،ایک ملک نے ہزاروں قیدی رہا کردیئے

کرونا وائرس،ایک ملک نے ہزاروں قیدی رہا کردیئے

چین سے پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس نے اب تک کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیاہے جس کے بعد سے دنیا بھر میں حکومتیں اس وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔ چین سمیت کئی ممالک میں سکول اور کاروباری مراکز و دفاتر بھی بند ہیں۔ ایسے میں ایرانی حکومت نے ایسا فیصلہ کیا ہے جو مختلف جرائم میں قید افراد کیلئے خوشی کا باعث بن گیاہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق ایرانی حکومت نے چون ہزار قیدیوں کو جیلوں سے عارضی طورپر رہا کردیا ہے۔

ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے اورجن کے ٹیسٹ نیگیٹیوتھے انہیں طویل رخصت دی گئی یعنی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایسے قیدیوں کو رہا نہیں کیا گیا جنہیں پانچ سال سے زیادہ عرصے کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیدیوں کو اس لئے رہا کیا گیا کیونکہ جیلوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ لوگ قید تھے جس کی وجہ سے اس وائرس کے پھیلاو کا خدشہ تھا۔برطانوی رکن پارلیمان کے مطابق ایرانی نژاد برطانوی امدادی کارکن نازنین زغاری کوشاید جلدی رہا کر دیا جائے گا۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ایران میں گزشتہ دو ہفتوں میں اس موذی وائرس سے 77 لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ایران میں تیزی سے پھیلتے وائرس کی وجہ سے پاک ایران بارڈر پر بھی خصوصی انتظام کئے گئے ہیں تاکہ وہاں سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین کی سکیننگ کی جاسکے اور خدانخواستہ کسی پریشان کن صورتحال میں ان کافوری علاج کیاجاسکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں