چین سے پھیلنے والاقاتل کرونا وائرس ایران اور بھارت کے بعد پاکستان کے ہمسائیہ ملک افغانستان میں بھی پہنچ گیاہے۔امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا(وی او اے)نے افغان وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغانستان کے ایران سے ملحقہ سرحدی علاقے میں کرونا وائرس کے تین مبینہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ فرانسیسی خبررساں ادارے اے پی کا کہنا ہے کہ وزیرصحت نے ایک شخص میں کروناوائرس کی موجود گی کی تصدیق بھی کردی ہے۔
صورتحال کی سنگینی کی پیش نظر افغانستان نے ایران کے ساتھ زمینی اور فضائی سفر منقطع کرنے کا اعلان کردیاہے جبکہ وہاں سے مرغیوں اور انڈوں کی خریداری بھی روک دی ہے۔
افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ نے وی او اے کو بتایا ہے کہ تین افراد کو کرونا وائرس کے شبے میں ہرات کے ایک ہسپتال میں خصوصی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیاگیاہے تمام افراد کے نمونے مزید تصدیق کیلئے کابل بھجوائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایران میں دو درجن سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ یہ موذی مرض آٹھ ایرانی باشندوں کی قیمتی جانیں بھی نگل چکا ہے۔
یاد رہے چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2ہزار442ہوگئی ہے جبکہ 77,000 لوگوں میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کرونا وائرس کی موجود گی حکام کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ جنگ زدہ یہ ملک پہلے ہی صحت کی سہولیات کے حوالے سے انتہائی بری حالت کاشکار ہے۔