یورپ میں کورونا وائرس کی وباءایک بار پھر تباہ کن صورت اختیار کر گئی۔ میل آن لائن کے مطابق پہلی لہر میں بھی اٹلی اس وباءسے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا یورپی ملک تھا اور اب اس نئی لہر میں بھی اٹلی ہی نشانے پر ہے جہاں ہسپتالوں کے لیے ایک بار پھر کورونا کے مریضوں کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوجانے پر ہوائی جہازوں کے ذریعے کورونا کے مریضوں کو ملک کے دیگر خطوں کے ہسپتالوں میں بھیجا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کے بیشتر حصوں اور فرانس میں پیرس ریجن میں کورونا کے پھیلاﺅ میں شدید تیزی آنے پر ایک بار پھر لاک ڈاﺅن کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی نیشنل ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ جیرومی سیلومن کا کہنا ہے کہ ”اگر ہمیں لاک ڈاﺅن کرنا پڑتا تو ہم کریں گے کیونکہ پیرس ریجن میں صورتحال انتہائی پیچیدہ اور سنگین ہو چکی ہے اور اس کی سنگینی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔“رپورٹ کے مطابق فرانس اور اٹلی میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح میں خطرناک اضافے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز صرف ایک دن میں فرانس میں 23ہزار 326اور اٹلی میں 26ہزار 62نئے کیس سامنے آئے۔