کورونا وائرس نے قیمتی جانوں کے بعد معیشت کو بھی نگلنا شروع کر دیاہے جس کے اثرا ت پاکستان میں بھی واضح طور پر دکھا ئی دے رہے ہیں ،آج سٹا ک مارکیٹ میں بھی کاروبار کا آغاز ہوا تو شدید مندی چھاگئی اور کاروبار روکنا پڑ گیا جبکہ دوسری جانب ڈالر بھی ایک مرتبہ پھر سے مہنگاہو گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 38 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈالر 158 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہو رہاہے ۔دوسری جانب سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 30 ہزار 416پوائنٹس پر تھا تاہم مارکیٹ پر کھلتے ہی مندی چھا گئی اور 100 انڈیکس 5.7 فیصد کمی کے ساتھ 1750 پوائنٹس گر گیا ، تیزی کے سے گرتے ہوئے انڈیکس کو مد نظر رکھتے ہوئے کاروبار کو 45 منٹ کیلئے روک دیا گیا ۔کاروبار کا دوبارہ آغازہوا تو انڈیکس میں کچھ بحالی ہوئی اور اس وقت 100 انڈیکس 1367 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 29 ہزار 48 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت مزید 24 فیصد کم ہو کر 20.37 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے ، خام تیل کی عالمی قیمت 2002 کے بعد کم ترین سطح پر آن پہنچی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رو ز امریکی خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کمی ہوئی تھی جس کے بعد خام تیل 25 ڈالر 41 سینٹ فی بیرل پر آ گیا تھا تاہم آج اس میں مزید کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ جبکہ دوسری جانب گزشتہ روز برطانوی خام تیل تین فیصد کمی کے بعد 27 ڈالر 85 سینٹ پر آ گیا تھا۔