کھانے پر نمک اور کالی مرچ چھڑکنے کے لیے عموماً لوگ نمک دانی کو الٹا کر اسے ہلاتے ہیں تاکہ اس میں موجود نمک یا کالی مرچ نکل سکے۔اب ایک ویٹرس نے اس طریقے کو غلط قرار دیتے ہوئے نمک دانی سے نمک وغیرہ نکالنے کا ایسا درست طریقہ بتا دیا ہے کہ دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ٹک ٹاک اکاﺅنٹ @cody.93پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں یہ ویٹرس صارفین کو دکھاتی ہے کہ نمک دانی سے کس طرح نمک نکالا جاتا ہے۔
اس ویٹرس کے پاس دو نمک دانیاں ہوتی ہیں جن میں سے ایک میں نمک اور دوسری میں پسی ہوئی کالی مرچیں ہوتی ہیں۔وہ کالی مرچوں والی نمک دانی کو الٹاتی اور اسے ہلانے کی بجائے اس کے پیندے پر بنے ہوئے ابھاروں پر نمک والی نمک دانی کو پیندے کی طرف سے رگڑتی ہے۔ دونوں نمک دانیوں کے پیندوں پر بنے ابھاروں کے رگڑ کھانے سے جو ارتعاش پیدا ہوتا ہے اس سے نمک دانی میں موجود کالی مرچ انتہائی آسانی کے ساتھ نکلنی شروع ہو جاتی ہے۔ بعد ازاں وہ اسی طریقے سے نمک دانی سے نمک نکالنے کا مظاہرہ کرتی ہے۔ اس ویڈیو پر کمنٹس میں اکثر صارفین کا کہنا ہے کہ اس ویٹرس نے یہ طریقہ بتا کر ان کی زندگی کی آسان کر دی ہے۔