شاہ بانومیر
آج اردو لنک کے فورم میں لکھتے لکھتے لیٹ ہو گئی اکثر ایسا ہی ہوتا ہے بس مکمل کر کے یہ کرتی ہوں وہ کرتی ہوں یہی سوچتے سوچتے کئی صبحیں دوپہر اور کئی دوپہر شاموں میں بدلی ہیں آج بھی وہی ہوا ناشتہ کھانا کچھ بھی نہیں
آج جمعہ ہے میرے قریبی لوگ جانتے ہیں کہ جمعے کو میں ٹان سے باہر ایک سنٹر میں جاتی ہوں یہاں سنٹر کے ساتھ ہی وہ نہر ہے جو آگے جا کے دریائے سین میں مل جاتی ہے دریا سین فرانس پیرس کا مشہور دریا جو
ایفل ٹاورکے سامنے بہتا ہے اور پوری دنیا سے آئے ہوئے سیاح پیرس میں شامیں اور راتیں طلسمی ماحول میں گزارتے ہیں وہاں کم از کم ایک بار تو ضرور اس دریا میں دھیمی روشنی میں بھیگتی ہوئی ایک رات تو پرسکون ماحول میں گزارنا پسند کرتے ہیں یہاں بڑی بڑی بوٹس کھڑی ہیں جن میں اب شادی بیاہ بھی ارینج کیے جاتے ہیں طلسماتی پانی میں ڈوبتے ابھرتے رنگوں کی قوس و قزح اور پیرس کی حسین شام پھران خوبصورت کشتیوں کا دلربا ہوشربا ماحول سیاحوں کو دریائے سین کی سیر کبھی بھولنے نہیں دیتا اور نہ ہی کینڈل لایٹ ڈنر
جی ہاں دریا سے متصل نہر ہی ہے جو اس سنٹر کے بالکل ساتھ بہتی ہے پانی سے لبالب بھری ہوئی یہ نہر ذرائع آمدورفت کے علاوہ سامان رسد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچانے کیلیئے ٹریفک کی اندرون پیرس سست ہوتی رفتار کی وجہ سے انتہائی مفید اور کارآمد ذریعہ ہے
یہاں مجھے2 سے 5 بجے تک رہنا ہے لہذا کمپیوٹر کو بند کیا اور فٹافٹ سینڈوچ بنایا سوچا وہیں نہر کنارے بیٹھ کر قدرتی ماحول کی خوبصورتی کو اپنی روح میں اتارتے ہوئے برنچ ہو جائے گا نہر کنارے پہنچ کر ایک پیاری سی جگہ جہاں سورج خوش نصیبی سے پوری آب و تاب کے ساتھ چمک دمک رہا تھا میں بڑے اطمینان سے وہاں بیٹھی اور کتاب بھی نکالی اور ساتھ ہی سینڈوچ بھی ابھی کتاب کی طرف نظریں جما کر سینڈوچ پکڑا ہی تھا کہ ایک صحتمند کبوتر پاں میں آکے بیٹھ گیا میں اپنے گھر کبوتروں کو بہت کچھ کھانے کے لیئے ڈالتی تھی
لیکن جب برڈ فلو پھیلا تو ڈاکٹرز نے سختی سے تاکید کی اپنے گھروں میں اس قسم کی کوئی نیکی آپ کی اور اہلِ خانہ کی جان کے لیئے وبال کا باعث بن سکتی ہے لہذا اس کے بعد سے بچوں کو بھی اور خود بھی پرندوں کو کھانا ڈالنا ترک کر دیا اب جو دیکھا تو وہی ڈاکٹر کی ہدایت دماغ میں سرسرائی لیکن نظریں ایکدم اس کبوتر کی ٹانگوں پے مرکوز ہوئیں تو دائیں بائیں دیکھنا بھول گئیں اسکی ٹانگ میں کوئی مسئلہ تھا یعنی وہ اڑ نہیں سکتا تھا کچھ ہی سینٹی میٹرز جست لگا رہا تھا لیکن اڑنے سے معذور تھا یہ دیکھ کر ساری نصیحتیں ساری ہدایتیں ترک کر کے وہی انسانی ہمدردی کا جذبہ عود آیا اور سینڈوچ توڑ کر اس کی جانب پھینکا ابھی وہ خوشی سے جست لگا کر سینڈوچ کو چونچ میں دبانے لگا ہی تھا!! کہ ایکدم پورا غول کا غول کبوتروں کا چشمِ زدن میں کہیں سے نمودار ہوا ایک لحظہ تو میں ٹھٹھکی یوں ہی کالا آسمان لگا جیسے ایک بار پھر کہیں سے ابابیلیں جھنڈ کے جھنڈ نمودار ہو رہی ہوں ایک سے ایک ہٹا کٹا کبوتر تھا وہ معذور کچھ ان سب سے کمزور کھانے کے لیئے آگے بڑہا لیکن بعد میں آنے والے زیادہ چتر ثابت ہوئے وہ خوراک حاصل کرنے میں ناکام رہا اور بعد میں آنے والے اچک
اچک کر ختم بھی کر بیٹھے اس کو تلاش کرنا چاہ رہی تھی لیکن ایک جیسے پر ایک جیسے رنگ ایک جیسی جسامت اور صورت مجھے قدرے دقت ہوئی کافی صبر آزما کوشش کے بعد میں اس کو کھوجنے میں کامیاب ہو گئی ان کے ہجوم میں گم ان جیسا ہی دکھائی دے رہا تھا تاہم میں نے نگاہیں ذرا عقابی بنا کر ان سب کو تِرچھی نظروں سے گھورا کہ شائد شرم کر لیں اور اس بیچارے کو کوئی ٹکڑا کھا لینے دیں لیکن کہاں سب کے سب ہی گھاگ شکاری اور ماہر کھلاڑی کی مانند نوچنے کھسوٹنے میں مشغول تھے یہ نظارہ مجھے بالکل اپنی دنیا جیسا لگا جہاں ہم لوگ ایسے ہی کرنے لگ گئے کہ ہر موقعے کو خواہ خوشی کا ہو یا افسوس کا ہمارا انتخاب بھرا پیٹ اور دولت مند انسان ہی ہوتا ہے بھرے پیٹ کو بار بار کھلا اور جو واقعی ضرورت مند ہے وہ کہیں دور حسرت سے اپنے بچوں کے لیئے دال روٹی کا بندوبست کرنے سے قاصر ہے اور جب بے بسی حد سے بڑہتی ہے تو خود پر تیل چھڑک کر وہ اپنی جان کو اس بحرِظلمات کے حوالے کر دیتا ہے یہاں بھی منظر میری دنیا کا تھا جو موٹے تازہ زیادہ تھے وہی اِس کھانے کو کھا رہے تھے اور جو ضرورت مند تھا وہ میری دنیا کے غریب کی طرح بھوکا پیاسا حسرت و یاس کی تصویر بنے ان کو بھرے پیٹ میں مزید انڈیلتے خاموشی سے دیکھ رہا تھا پرندے بھی اب کیا ہمیں دیکھ دیکھ کر سیانے ہو گئے وہاں بھی کوئی طاقتور اور کوئی مجبور اور لاچار مجبور بن گیا کیا وہ بھی طبقاتی نظام میں بٹ کر ایک قسم کو انسانوں کی طرح بھوکا مفلوک الحال رکھیں گے وہ ذہنی غلامی میں محصور رہ کر کامیابی حاصل کرنے کو اپنا مقدر سمجھے گی؟ کمزور معذور کبوتر خاموش سب کو اپنا حصہ کھاتے دیکھ رہا تھا اور یہ سب دیکھ کر مجھے افسوس ہو رہا تھا میں اس ہجوم سے باہر نکل کر آگے بڑہی اور اس کی جانب پر امید نظروں سے دیکھا کہ شائد میری نظروں کا خاموش پیغام سمجھ لے جیسے وہ ٹیلی پیتھی جانتا ہو
سوچا اگر تو یہ سمجھدار ہو گا تو میرے پیچھے پیچھے آجائے گا اور میں اس کو کچھ کھلانے میں کامیاب ہو جاں گی
یہ سوچ کر میں بنچ سے اٹھی اور آگے کی سمت بڑھ گئی جس سمت سورج کی تیز پیاری روشنی اور حدت تھی میری حیرانگی کی انتہا نہ رہی جب وہ سب پھر نجانے کہاں چھپ گئے سچ میں وہ اکیلا تن تنہا میرے تعاقب میں یا پھر رزق کی تلاش میں چلا آ رہا تھا میں نے بنچ پے بیٹھ کر جلدی سے ایک بڑا ٹکڑا کاٹا اور اسکی جانب بڑہایا
اوہ میرے خدا
ایک بار پھر سے وہی ڈرامہ ہوا جس کا ہدائیتکار نجانے کونسا پسِ چلمن کبوتر تھا
ابھی وہ ٹکڑا درست طریقے سے زمین پے پہنچ ہی نہیں تھا کہ لٹیروں چوروں غاصبوں کی طرح پھر سے سب نے وہ کھانا چگ لیا اور پھر سے میں اس کبوتر کو تلاش کرنے لگی اب مجھے یوں لگا جیسے وہ درمیان پرسکون ہے
اس نے کوئی مزاحمت نہیں کی نہ ہی بھوک کو ختم کرنے کیلیئے کسی جدوجہد کی کوشش حالنکہ میرے حساب سے وہ اڑ کر اپنی خوراک تلاش نہیں کر سکتا تھا اس کی زندگی کا دارو مدار انہیں ٹکڑوں پر ہو گا جو کوئی وہاں اس کو رحم کھا کر عنایت کر دیتا ہو گا ایسی صورت حال میں تو ہر جاندار جان کی بازی لڑا دیتا ہے خوراک کے حصول کے لیئے لیکن اس کبوتر کا سکون مجھے شک و شبہے میں مبتلا کر گیا کہ یہ
اتنا بے حس کیوں ہے، یا پھر مجھے وہ ایک لمحے کو کوئی چالاک انسان لگا جو اس وحشی بھاری بھرکم جھنڈ میں زندہ رہنے کے لیے کسی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے جس کا کام ہے اپنی بے بسی دکھا کر ہمدردی حاصل کرنا اور پھر جو خوراک ملے ان سب کو دعوتِ شیراز یا پھر من و سلوی کی صورت ان سب کو کھلانے
تاکہ وہ ان سے ہمدردی اور دوستی کے نام پر کوئی مضبوط تعلق مرتے دم تک حاصل کر سکے کیوں ؟ اس لئے کہ وہ اپنی اس معذوری کے ساتھ تن تنہا نہ رہ جائے شائد وہ جان گیا تھا اس کے یہ دوست یا کنبے کے افراد صرف اسی صورت اس کو اپنے ساتھ رکھ سکتے تھے ورنہ تو ان کے لیئے وہ بیکار تھا یعنی !! اِس ہاتھ دو اس ہاتھ لو والا سسٹم اب ان ننھی سی جانوں نے بھی سیکھ لیا تھا
میں اس وقت سے الجھی ہوئی نہر کنارے خوبصورت موسم کو بھول کر اسی فلاسفی کو سوچ رہی ہوں مگر یہ گتھی مسئلہ فیثا غورث بن کر سلجھنے کا نام نہیں لے رہا ہے واقعی اب پرندے بھی آسمانوں پر محو پرواز ہوتے ہوئے ہوئے انسانوں کی طرز پر کوئی ملک بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں کسی سیاسی پارٹی کا حصہ ہیں ورنہ تو ان بے ضرر سادہ سے پرندوں کو اللہ ہو اللہ ہو کے علاوہ کوئی کام نہیں تھا صبح دم ان کی پیاری چہکاریں اللہ کی ثنا کرتی صدیوں سے اس دنیا کی ملاوٹ زدہ فضا کو ہر صبح پاک کر کے پاکیزہ اور مصفا دن کو شروع کر کے ابن آدم کے حوالے کرتے تھے پھر آج کا یہ نیا سبق یہ نئی سیاست ان کو کس نے سکھائی؟
آپ کیا سوچتے ہیں ، واقعی جو میں نے دیکھا جیسے بیان کیا آپ کو اس میں سیاست لگی؟ یا پھر میں اس کی معذوری اور اسکے ایجنٹ ہونے کو غلط انداز میں دیکھ رہی ہوں ؟ رائے میں ہو سکے تو جواب ضرور دیں