انسان کا رویہ اس کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس رویے میں آپ کا ڈرائیونگ کا انداز بھی شامل ہے جو آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ بتادیتا ہے۔ ویب سائٹ pakwheels پر شائع ایک مضمون میں ڈرائیونگ کے انداز اور شخصیت کے درمیان اسی تعلق کے حوالے سے کچھ حیرت انگیز اور دلچسپ باتیں بیان کی گئی ہیں۔
مضمون نگار لکھتے ہیں کہ جو ڈرائیور غلطی سے بچنے اور بہترین ڈرائیونگ کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں وہ اپنی عمومی زندگی میں بھی ہر کام دھیان سے کرنے والے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ ناصرف خود زندگی میں کامیابی سے آگے بڑھتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی آگے بڑھنے کی ترغیب مہیا کرتے ہیں۔ یہ لوگ عموماً جو بھی کام کریں اس میں کامیاب ٹھہرتے ہیں۔
جو ڈرائیور پرسکون انداز میں ڈرائیونگ کرتے ہیں وہ اپنی عام زندگی میں بھی ہر حال میں پرسکون رہتے ہیں اور مشکلات اور آزمائش کی صورت میں بھی خود اعتمادی کا دامن نہیں چھوڑتے۔ اس کے برعکس جو لوگ دوران ڈرائیونگ ہجوم سے گھبراتے ہیں ان کی شخصیت دنیا کے جھگڑوں سے دوربھاگنے والی ہوتی ہے۔ یہ لوگ عام طور پر اپنے قریبی عزیزوں اور ساتھیوں کے ساتھ ہی پرسکون رہ پاتے ہیں جبکہ زیادہ لوگوں سے میل جول انہیں بالکل پسند نہیں ہوتا۔ یہ شور شرابے اور ہنگامے سے بھی دور بھاگتے ہیں۔
کچھ ڈرائیور مہم جو بھی ہوتے ہیں، یعنی یہ ڈرائیونگ کے دوران خطرناک انداز اپنانا پسند کرتے ہیں اور بعض اوقات تو اپنے اور دوسروں کے لئے خطرہ بننے والے کرتب کرنے میں بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔یہ اپنی زندگی میں آنے والے چیلنج قبول کرتے ہیں اور خطرات سے کھیلنے والے ہوتے ہیں۔ اگرچہ ان کی زندگی جوش سے بھری ہوتی ہے لیکن ان کی غیر ذمہ داری بعض اوقات ان کے لئے بڑا خطرہ بھی بن جاتی ہے۔
\جو لوگ ڈرائیونگ کے دوران دوسروں سے آگے رہنے کی کوشش میں ہوتے ہیں وہ اپنی عملی زندگی میں بھی تحکمانہ رویہ رکھتے ہیں۔ یہ عموماً دوسروں کو راہنمائی فراہم کرنے اور قیادت کرنے کا رویہ اپناتے ہیں۔ اسی طرح بعض لوگ ڈرائیونگ کے دوران کسی کومشکل میں مبتلا دیکھیں تو اس کی مدد کرنے کو ضرور رکتے ہیں۔ یہ لوگ اپنی عام زندگی میں بھی دوسروں کے لئے مددگار ہوتے ہیں۔ دیگر لوگ اپنے مسائل او رمشکلات کے حل کے لئے ان سے رجوع کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں یہ شفیق اور کام آنے والے لوگ ہیں۔ ان سے مدد مانگنے والوں کو بہت کم مایوسی ہوتی ہے کیونکہ یہ اپنے وقت کی قربانی دے کر دوسروں کی بات سنتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
Recent Comments