قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
شعیب اختر نے موسیقار کی یاد میں اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فرہاد ہمایوں کی ایک یادگار تصویر شیئر کی۔
سابق کرکٹر نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’فرہاد ہمایوں جس مرض سے لڑرہے تھے وہ جنگ بہت مشکل تھی۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’فرہاد ہمایوں نے اپنے مرض کا ڈٹ کر سخت مقابلہ کیا لیکن جو اللّہ کی مرضی تھی۔‘
شعیب اختر نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمیشہ ہماری دُعاؤں میں رہیں گے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک سٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے، میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر بینڈ کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر دی گئی۔
بینڈ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ فرہاد ہمایوں اب ہم میں نہیں رہے، پوسٹ میں بتایا گیا کہ حیرت انگیز فرہاد ہمایوں نے بیشمار چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کبھی اقدار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ روحانی اور فنی دونوں لحاظ سے بہت آگے تھے۔
پوسٹ میں مداحوں، فیملی اور دوستوں سے ان کی مغفرت کی دعا کی اپیل کی گئی، فرہاد ہمایوں ماہر تعلیم اور سینئر اداکارہ نوید شہزاد کے بیٹے ہیں۔
بینڈ کی جانب سے پوسٹ میں تو موسیقار کی موت کی وجہ کوئی نہیں بتائی گئی تاہم 2018 میں موسیقار نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہیں برین ٹیومر ہوگیا ہے۔
دوسری جانب نوجوان موسیقار فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے فنکار برادری کو گہرے دکھ میں مبتلا کردیا ہے، فنکار سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے ساتھی موسیقار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔