امریکہ میں ایک سکائی ڈائیور 12ہزار فٹ کی بلندی پر ڈائیونگ کر رہا تھا کہ اس کی جیب سے اس کا آئی فون گر گیا۔ اتنی زیادہ بلندی سے گرنے کے بعد آئی فون کی کیا حالت ہوئی؟ دیکھ کر آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 31سالہ سکائی ڈائیور کا نامی کوڈی میڈرو ہے جو امریکی ریاست ایریزونا میں اپنے دوستوں کے ساتھ سکائی ڈائیونگ کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق میڈرو نے جونہی جہاز سے باہر چھلانگ لگائی، اس کے ٹراﺅزر کی جیب سے اس کا آئی فون نکل کر نیچے جا گرا۔ اس کے ایک دوست ڈائیور نے اپنے کیمرے سے اس کی جیب سے آئی فون گرنے کا منظر محفوظ کر لیا۔ میڈرو کو اپنا آئی فون گرنے کا اس وقت پتا چلا جب اس نے زمین پر لینڈنگ کی۔ میڈرو کا کہنا تھا کہ ”میں نے ’فائنڈ مائی آئی فون‘ ایپلی کیشن کی مدد سے اپنے آئی فون کی تلاش شروع کی۔ جب مجھے آئی فون ملا تو اس کی سکرین بری طرح ٹوٹ چکی تھی تاہم فون اب بھی چل رہا تھا۔ میں نے اس کے بعد دو ہفتے تک اس آئی فون کو استعمال کیا اور تب یہ فون چلتے چلتے اچانک بند ہو گیا۔میرے اور میرے دوستوں کے لیے یہ بھی بہت حیران کن بات تھی کہ 12ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد بھی میرا آئی فون دو ہفتے تک ٹھیک چلتا رہا تھا۔“