سالہا سال سے خسارے میں چلنے والی قومی ایئرلائنز پی آئی اے نے حکومت کی ضمانت کے بغیر ہی بین الاقوامی بینکوں سے قرض لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق پی آئی اے غیرملکی بینکوں سے 30کروڑ ڈالر تک کا قرض لینے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کا کہنا تھا کہ ”پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ ہونے سے ادارے کی کریڈٹ ریٹنگ بھی بہت بہتر ہو گئی ہے ، جس کے باعث غیرملکی بینک حکومت پاکستان کی ضمانت کے بغیر بھی پی آئی اے کو قرض دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
پورٹ کے مطابق یہ قرض بینکوں کا ایک بین الاقوامی کنسورشیم دے گا۔ اس کنسورشیم میں کریڈٹ سویز، مشرق بینک اور نور بینک شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ”کسی بھی دوسری ایئرلائنزکی طرح پی آئی اے کو نئے طیارے، انجن، سپیئر پارٹس اور دیگر چیزیں خریدنے کے لیے ڈالروں کی ضرورت ہے، جو کہ صرف بین الاقوامی مارکیٹ سے ہی مل سکتے ہیں۔ قبل ازیں جب بھی ہم نے قرض لینے کی کوشش کی یا تو بینکوں نے ہم سے حکومت کی خودمختار ضمانت مانگی یا پھر اثاثے گروی رکھنے کو کہا۔ تاہم اب ہمیں نہ ضمانت کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی اثاثے گروی رکھنے پڑیں گے۔“