رپورٹ نمائندۂ خصوصی
گزشتہ سوموار کی شام فورست میں لائیبریری کی ملحقہ عمارت آلنا بی دیلز ہاؤس میں انٹر کلچرل وومن کی جانب سے ایک دلچسپ ون ڈش پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور مختلف پر لطف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوئیں۔
عید ملن پارٹی میں خواتین کے علاوہ بچوں اور نو جوان لڑکیوں نے بھی حصہ لیا۔اس موقعہ پر پروگرام کی منتظم اعلیٰ محترمہ غزالہ نسیم نے بتایا کہ انکی تنظیم گزشتہ گیارہ برسوں سے ناروے اور خاص طور سے اوسلو میں موجود پاکستانی اور دیگر ملٹی نیشنل کمیونٹیز کی خدمت کر رہی ہے۔یہ پروگرام بھی اسی کاوش کا حصہ ہے۔یروگرام کی میزبان خواتین میں محترمہ غزالہ نسیم کے علاوہ شازیہ عندلیب،روبینہ جبین اور شبانہ خالد شامل تھیں جبکہ
مہمان خصوصی ناروے کی ابھرتی ہوئی شاعرہ ، یو ٹیوبر اور اردو فلک کے ادبی صفحہ کی مدیرہ محترمہ ڈاکٹر شہلا گوندل تھیں۔
تمام مہمان خواتین بروقت پروگرام میں پہنچ گئیں۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔اس کے بعد پروگرام کے مقاصد اور آج کی سرگرمیاں بتائی گئیں اور کھانے کے بعد کا وقت شاعری اور دو اہم اعلانات کے لیے مخصوص تھا۔
پروگرام میں ان ممبر خواتین کی کوششوں کو بھی سراہا گیا جو کہ تنظیم کے لیے بہت محنت کر رہی ہیں اور ہر ضرورت کے وقت اپنی خدمات پیش کرتی ہیں۔
پہلے حصے میں تنظیم میں پیش آنے والے دلچسپ اور فائدہ مند یادگار لمحات غزالہ نسیم اور دیگر خواتین نے بیان کیے جب کہ دوسرے حصے میں ممبر خواتین نے اپنی زندگی کے دلچسپ اور سبق آموز واقعات بیان کیے۔
پروگرام کے تیسرے حصے میں خواتین نے اپنے بچپن کے گیت اور نظمیں سنائیں۔
کھانے کے بعد ٹی ٹائم میں شرکا ء ڈاکٹرشہلا گوندل کی خوبصورت آزاد نظم “روزن” سے لطف اندوز ہوئے۔
آخر میں تنظیم کی جانب سے ون ڈے ٹور کا اعلان کیا گیا اورخواتین کو فیورست مسجد میں رشتہ پارٹی کی اطلاع دی گئی جو کہ پچیس اپریل کو ہو گی۔
مجموعی طور پر عید ملن پارٹی بہت کامیاب اور پر لطف رہی۔

Recent Comments