سٹاک ہوم (عارف کسانہ)سویڈن کی معروف انجنئرنگ یونیورسٹی رائل انسٹیٹوٹ ٹیکنالوجی (کے ٹی ایچ) سے پاکستانی طالب علم محسن سلیمی نے نینو ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ کے ٹی ایچ سے اس شعبہ میں پی ایچ ڈی کرنے والے وہ پہلے طالب علم ہیں، انہوں نے اسی یونیورسٹی سے پہلے نینو ٹیکنالوجی میںماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔ نینو ٹیکنالوجی ایک نیا شعبہ ہے اور مستقبل میں طب اور انجئرنگ کی تحقیق میں اسے بنیادی حیثیت حاصل ہوگی۔ محسن سلیمی نے اپنی پی ایچ ڈی کی تحقیق میں گاڑیوںاور دوسری مشینوں میں دوران استعمال ضائع ہونے والی توانائی کو دوبارہ استعمال میں لانے سے متعلق کی ہے۔ انہوں نے اپنی تحقیق میں وہ ذرائع اور طریقہ کار وضع کیا ہے جس سے اس توانئی کو دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے اس طرح سے نہ صرف توانائی کے مسائل حل ہوں گے بلکہ اس کے ساتھ ماحولیات کی بہتری اور بچت بھی ممکن ہے۔ یورپ کی ایک گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی اس تحقیق کی روشنی میں کام کرہی ہے تاکہ توانائی کی بچت کرنے والی اور ماحول دوست گاڑیاں اور مشینیں بنائی جاسکیں۔ سویڈن کی پاکستانی کمیونیٹی نے محسن سلیمی کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے