رپورٹ وسیم ساحل
تاج محل کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں کیونکہ یہ تاریخی عمارت اپنی شان و شوکت کے باعث
ساری دنیا میں مشہور ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ مغلیہ دور میں ہی ایک اور تاج محل بھی تعمیر ہوا مگر دنیا اس کے بارے میں بہت ہی کم جانتی ہے۔
جس طرح مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی محبوبہ ممتاز محل کی یاد میں آگرہ میں تاج محل تعمیر کروایا اسی طرح مغل شہزادے اعظم شاہ نے اپنی والدہ کی یاد میں ایک تاج محل تعمیر کروایا جسے ”بی بی کا مقبرہ“ کہا جاتا ہے۔ ریاست مہاراشٹرا میں واقعہ یہ عظیم الشان عمارت ہو بہو تاج محل جیسی نظر آتی ہے۔ اس کا سفید گنبد، بلند مینار باغات اور فوارے بالکل آگرہ کے تاج محل جیسے ہیں۔
اگرچہ اس کی شان و شوکت شاہ جہاں کے تاج محل جیسی تو نہیں لیکن اس کی خوبصورتی اور طرز تعمیر بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہ وسعت اور بلندی میں آگرہ کے تاج محل سے قدرے کم ہے اور ایک اہم فرق یہ بھی ہے کہ آگرہ کے تاج محل کو مکمل طور پر سفید سنگ مرمر سے بنایا گیا ہے جبکہ اورنگ آباد کے تاج محل کی عمارت کی دیواروں پر سنگ مرمر کی ایک تہہ چڑھائی گئی ہے۔ اس کا شمار بھی دنیا کی اہم ترین تاریخی عمارات میں کیا جاتا ہے