بطلِ حریت شہید کشمیر محمد مقبول بٹ تحریر ڈاکٹر عارف محمود کسانہ ۔
تاریخ انسانی میں بہت بہادر اور نڈرانسان گذرے ہیں لیکن مقبول بٹ جیسا جری اوربہادر انسان شائد ہی تاریخ انسانی میں ملے۔ یہ ایک محض جذباتی جملہ نہیں بلکہ واضع حقیقت ہے کہ اگر کسی کوپھانسی کی سزا سُنائی گئی ہو، جہاں کی حکومت بھی اُس کی جانی دشمن ہو اور وہ پھانسی کی کوٹھڑی توڑ کر دشمن کی قید سے باہر نکلا ہو اور سب نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے پھر ایک بار موت کے منہ میں جانے کی ہمت کرے وہ مقبول بٹ ہی ہوسکتا ہے اور کوئی نہیں ہوسکتا۔مقبول بٹ کو اگر ذرا بھی موت کا خوف ہوتا تو وہ کبھی بھی سزائے موت کے فیصلہ کے ہوتے ہوئے دوبارہ وادی کشمیر میں نہ جاتے۔ انہیں پھانسی دے کر غاصب قوتوں نے یہ سمجھا ہو گا کہ اب تحریک آزادی ختم ہوجائے گی اور کشمیری قوم خاموش ہو کر بیٹھ جائے گی مگر یہ اُن کی خام خیالی ثابت ہوا اور شہید کے خون سے جلنے والے چراغ کی لو سے وادی کشمیر روشن ہونے لگی اور عوامی بیداری کی وہ لہر اٹھی کہ ١٩٨٨ کے بعد سے کشمیری قوم نے یک زبان ہو کر کہا کہ ہم صرف آزادی چاہتے ہیں۔ ہم نہ ہی ریاست جموں کشمیر کی تقسیم چاہتے ہیں اور نہ ہی غیر ملکی تسلط تسلیم کریں گے۔ مقبول بٹ نے کشمیری نوجوانوں میں آزادی کی روح پھونک دی اور علامہ اقبال کے پیغام کو درست ثابت کردیا کہ
جس خاک کے خمیر میں ہو آتش چنار ممکن نہیں کہ سرد ہو وہ خاکِ ارجمند
انہوں نے سیالکوٹ جموں کی سرحد پر واقع سوچیت گڑھ کے مقام پر مادروطن کی مٹی کو ہاتھ میں لیکر جو حلف اٹھایا تھا اُسے سچ کردیکھایا۔ اقوام متحدہ کی بے عملی اور مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکامی اور ٹاخیری حربوں سے کشمیری قوم بے زار ہورہی تھی۔ دنیا کے منصفوں کو کشمیرکی وادی میں بہتے ہوئے لہو کا جب شور سُنائی نہیں دے رہاتھا تو مقبول بٹ نے اپنی قوم کو بتا دیا کہ آزادی مانگنے سے نہیں چھیننے سے ملتی ہے۔ غلامی کے اندھیروں کو اپنے خون کے چراغ جلاکر ہی روشن کیا جاسکتا ہے اور دوسروں پر تکیہ کرکے آزادی کے خواب دیکھنا محض خوش فہمی ہوگا۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں پر واضع کردیا کہ
مغرب کے سیاستدانوں سے امید نہ رکھ آزادی کی طاقت سے کشمیر چھڑا یا آرزوے کشمیر نہ کر
آج مقبول بٹ کا نام ایک تحریک کا نام بن گیا ہے۔ کشمیری نوجوان خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو وہ شہید کشمیر کی جلائی ہوئی شمع کی روشنی میں آزادی کے لیے مصروف جدوجہد ہے۔ مقبول بٹ نے جب یہ دیکھا کہ کشمیری عوام کو اعتماد میں لیے بغیر اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث آپریشن جبرالٹر کی ناکامی،١٩٦٥ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد معائدہ تاشقند کے بعد مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالا جارہا ہے تو انہوں نے مسلح جدوجہد کا راستہ اپنایا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنے ساتھی میجر امان اللہ کے ہمراہ بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں جاکر کشمیری نوجوانوں کو تربیت دینا شروع کی۔ ایک مقابلہ میں بھارتی آفیسر امرچند کی کشمیری مجاہدین کے ہاتھوں قتل کے بعد مقبول بٹ گرفتار ہوئے اور اُن پر مقدمہ چلاکر انہیں پھانسی کی سزا سُنائی گئی۔ جج نے جب اپنا فیصلہ سنایا تو مقبول بٹ نے بڑی دلیری سے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی وہ پھندا نہیں بنا جس سے مقبول بٹ کو پھانسی دی جاسکے۔ اور انہوں نے یہ اس وقت سچ کردیکھایا جب وہ دسمبر ١٩٦٩ء کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سری نگر جیل توڑ کر مظفر آباد پہنچے۔ لیکن یہاں آکر بھی اُن پر ظلم و ستم کا دور جاری رہا اور بلیک فورٹ میں انہیں پابندِ سلال کردیا گیا۔ کچھ عرصہ بعد رہائی ملنے کے بعد وہ پھر متحرک ہوگئے۔اُس وقت مسئلہ کشمیر جمود کا شکار ہورہاتھا۔ کشمیری سیاستدان مظفر آباد اور سری نگر کی کرسی کے پجاری بننے لگے اور حصول اقتدار کی خاطر وہ آزادی کو بھول چکے تھے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر کو دنیا بھول رہی تھی ۔١٩٧١ء کی جنگ اور مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بننے کے بعد شیخ عبداللہ مایوس ہوگئے اور انہوں نے اندرا گاندھی سے معائدہ کرلیا جبکہ دوسری جانب بھٹو اور اندرا معائدہ کے بعد پاکستان اور بھارت نے عملاََ تقسیم کشمیر کو تسلیم کرتے ہوئے سیز فائر لائن کو کنٹرول لائن قرار دے دیا۔ مقبول بٹ نے ایک بار پھر جدوجہد شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک بار پھر بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں اپنے دو ساتھیوں ریاض ڈار اور حمید بٹ کے ساتھ ١٩٧٦ ء میں داخل ہوگئے۔ یہ کوئی آ ّسان فیصلہ نہ تھا۔ یہ جانتے ہوئے کہ وہاں ان کے لیے سزائے موت کا فیصلہ موجود ہے پھر بھی وہ بے پناہ بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں چلے گئے۔ وہ سمجھتے تھے کہ اس کے بغیر تحریک آزادی کو متحرک نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کشمیر کی آزادی کے نام پر کشمیر فروشی کا راستہ نہ اپنایا۔ وہ اعلٰی تعلیم یافتہ تھے اور پاکستان یا آزادکشمیر میں پرآسائش زندگی گذار سکتے تھے لیکن انہوں نے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جینا سیکھا تھا۔ وہ کشمیری نوجوانوں کو ایک بار پھر تربیت دینے لگے تاکہ مادر وطن کی آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کا راستہ اپنایا جائے۔ اسی دوران وہ ایک بار پھر بھارتی افواج کے ہاتھوں گرفتار ہوگئے اور انہیں تہاڑ جیل دہلی میں پابند سلال کردیا گیا۔ انہوں نے جیل سے بھی درس حریت جاری رکھا۔ آخر کار وہی ہوا جو غاصب قوتیں آزادی کی جنگ لڑنے والوں کے ساتھ کرتی ہیں۔ موت ایک حقیقت ہے اور ایک دن سب کو اس کا سامنا کرنا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں موت بھی سلام پیش کرتی ہے مقبول بٹ بھی انہیں میں سے ایک تھے جنہیںموت نے تہاڑ جیل دہلی میں ١١ فروری ١٩٨٤ ء کو سلام پیش کیا ۔
جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے یہ جان تو آنی جانی ہے اس جان کی کوئی بات نہیں
مقبول بٹ کی شہادت پر کشمیری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ اُس کی جرات و بہادری اور جوش و جنوں کو شکست نہیں دی جاسکی۔ مقبول بٹ کی شہادت پر جہاں بھارتی سامراج کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں وہاں حکومت پاکستان بھی اس سے بری الذمہ نہیں ۔ قائد اعظم کے سابق سیکریٹری اور آزاد کشمیر کے سابق صدر جناب کے ایچ خورشید نے مطالبہ کیا تھا کہ مقبول بٹ کو قیدیوں کے تبادلہ میں واپس لایا جائے مگر ارباب اقتدار نے اسے نظر انداز کردیا۔جب اندرا گاندھی کی حکومت نے انہیں جب ٨ فروری کو پھانسی دینے کا اعلان کیا پھر بھی حکومت پاکستان نے اُن کی جان بچانے کی کوئی کوشش نہ کی اور ضیاء الحق کی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی حالانکہ مقبول بٹ وادی کشمیر سے آنے کے بعد پشاور میں مقیم تھے اور پاکستان کے شہری بھی تھے۔دہلی اور اسلام آباد کی دونوں حکومتیں مقبول بٹ سے جان چھڑانا چاہتی تھیں اور انہوں نے یہی کیا۔ مقبول بٹ کو ختم کرنے والی قوتوں نے سمجھا کہ اب کشمیر کی آزادی کی کوئی تحریک نہیں اٹھے گی اور یہ کوئی اس کا نام لیوا ہوگا۔ مگر یہ اُن کی خام خیالی تھی۔ یہ مقبول بٹ کا ہی لہو تھا جس کی روشنی میں کشمیری نوجوان اٹھے اور راہ آزادی پر چل پڑے۔ شہید کے ساتھی امان اللہ خان نے برطانیہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی بنیاد رکھی اور پھر وہاں کے ساتھ پاکستان اور آزادکشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو منظم کرنا شروع کیا۔ ١٩٨٨ء میں یہ سلگتی ہوئے چنگاری ایک شعلہ بن گئی اور وادی میں آزادی کے متوالے مقبول بٹ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے لہو کے چراغ جلانے لگے۔ اشفاق مجید وانی، شیخ عبدالحمید، جمیل چوہدری،رضا، شبیر صدیقی اور ہزاروں شہیدوں نے لازوال داستان رقم کی ہے جس پرکشمیری قوم بلا شبہ فخر کرسکتی ہے۔
میں مقبول بٹ کو پھانسی دینے والوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر اپنے مادر وطن کی آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کرنا جُرم اور دہشت گردی ہے توکیا ہندوستان کی آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کرنے والے سبھاش چندر بوس اور اُن کی آزاد ہند فوج بھی مجرم اور دہشت گرد تھی۔ کیا اُن کا وکیل نہرو بھی اس جرم میں شریک نہیں تھا۔حقیقت یہ ہے کہ آزادی وطن کے لیے جدوجہد کرناکوئی جرم نہیں جسے اقوام متحدہ نے بھی اپنے چارٹر میں شامل کیا ہوا ہے۔ میں یہ بھی پوچھنا چاہوں گا کہ وہ کون سا قانون ہے جس کے تحت پھانسی پانے والے کو سزائے موت سے قبل اس کے لواحقین سے نہ ملایا جائے اور پھانسی کے بعد اُس کی میت بھی اُن کے حوالے نہ کی جائے اور جبری طور پر دفن کردیا جائے۔بھارت کا کون سا قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔ شہید کی بوڑھی والداور سرنگر میںان کے لیے مخصوص آخری آرام گاہ ان کی منتظر ہے ۔ مقبول بٹ شہید کی والدہ کی عظمت کو سلام جس کے چار بیٹے جدوجہد آزادی میں شہید ہوئے اور پانچویں ظہور بٹ ا س وقت بھی پابند سلاسل ہیں۔مقبول بٹ نے کشمیری نوجوانوں کے قلوب میںآزادی کی جو شمع روشن کی ہے وہ اب ریاست جموں کشمیر کی آزادی پر ہی جا کر ختم ہوگی اور مقبول بٹ نے مادر وطن کی آزادی کا جو خواب دیکھا تھا وہ آخر کار ایک دن انشاء اللہ ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔