اوسلو(عقیل قادر)شہزاد اسلم ولد حاجی محمد اسلم آف ڈیرہ عالم پور گوندلاں کو گذشتہ دنوں نا معلوم افراد نے رات کے وقت گھر کے باہر کار پارکنگ میں قتل کر دیا انکے قتل سے پورے اوسلو کی فضا سوگوار ہو گئی ہے ۔انکے بچھڑ جانے سے ہر دل دکھی اور رنجیدہ ہے۔ شہزاد اسلم شریف الانفس ، صوم و صلوة کے پابند نوجوان تھے اور ہر وقت ذکر الہیٰ میں مشغول رہتے تھے۔وہ ایک سچے عاشق رسولۖ تھے اور ہر وقت دوسروں کی مدد کرنے کے لیے تیار رہتے تھے۔ لواحقین میں تین بچے چھوڑ کر گئے ہیں جن میں سب سے چھوٹے کی عمر صرف ڈیڑھ سال ہے۔منگل کی شام کو ان کی نمازہ جنازہ جماعت اہلسنت اوسلو میں ادا کی گئی جس میں تقریباََ 2 ہزار کے قریب لوگوں نے شرکت کی اور انکی مغفرت و دراجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ غوثیہ مسلم سوسائٹی ناروے کے امام و خطیب مفتی محمد زبیر تبسم ، پاک ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور، نائب صدر راجہ عاشق حسین آف گوجر خان، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر مرزا انور بیگ، جنرل سیکریڑی عقیل قادر، سابق نائب صدر چوہدری مظہر حسین، پاکستا ن پیپلز پارٹی ناروے کے نائب صدر اصغر شاہد، لیبر پارٹی کے نوجوان رہنما ڈاکٹر راجہ مبشر، چوہدری غلام سرور آف پنڈی سلطان پور اور دیگر نے مرحوم کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ نماز جنازہ کے موقع پر شہزاد اسلم کے کولیگز نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں نارویجن لوگوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔