ناروے۔ واقعہ معراج خاتم الانبیاء ۖ کی عظمت و رفعت کا لازوال شاہکار ہے۔ علامہ محمد صادق قریشی الازہری
اوسلو(عقیل قادر) مسلم سنٹر فیورست اوسلو نے گذشتہ دنوں ایک عظیم الشان سالانہ محفل معراج النبی ۖ کا نفرنس کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز مسلم سنٹر کے امام و خطیب قاری نور علی سیالوی نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک سے کیا۔ تلاوت کلام کے بعد نعت شریف بھی پیش کی گئی۔ معراج النبیۖ کانفرنس میں خصوصی خطاب گلوبل ایمبسڈر منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ محمد صادق قریشی الازہری نے کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارشاد ربانی ہے ہر عیب سے پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندہ خاص کو رات کے ایک قلیل وقفے میں مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک لے گئی جس کے ارد گرد ہم نے برکتیں رکھی ہیں تاکہ ہم اس بندے کو اپنی نشانیاں دکھائیں۔بے شک وہی سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایک خاص وقت میں اتنی طویل اور عظیم سیر کیسے ہو گئی؟ انہوں نے مثال دیتے ہوئے سمجھایا کہ کہ نبی کریم ۖ بمنزلہ روح ہیں اور یہ کائنات بمنزلہ جسم ہے اور جب جسم سے روح نکل جائے تو جسم مردہ ہو جاتا ہے تو جب نبی پاک ۖ اس کائنات سے نکل گئے تو یہ کائنات مردہ اور ساکن ہو گئی جب آپ ۖ اس کائنات میں واپس آئے تو یہ کائنات پھر زندہ اور متحرک ہو گئی حتی کہ جب آپ گھر آئے تو آپ ۖ کا بستر اسی طرح گرم تھا اور زنجیر بھی ہل رہی تھی۔ علامہ محمد صادق قریشی الازہری نے انتہائی مدلل علمی و روحانی خطاب کیا جس کو حاضرین نے نعرہ تکبیر و رسالت کے ذریعے خوب سراہا۔ نقابت کے فرائض مسلم سنٹر فیورست کے امام علامہ قاری اسرار احمد نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔پروگرام کے آخر پر درودو سلام پیش کیا گیا اور علامہ صادق قریشی نے خصوصی دعا کی جبکہ حاضرین کی تواضع لنگر سے کی گئی۔