بریڈفورڈ: (14جولائی 2015ئ) انسانیت کے نام خالق کائنات کے پیغامات کا نام دین اسلام ہے۔ یہ ایسا خوبصورت دین ہے جو آفاقی و فطری بھی ہے اور جامع واکمل بھی۔ عقائد و عبادات، اخلاقیات و معاملات، تجارت وسیاست، حقوق وفرائض، روحانیت و جسمانیت، دنیا وآخرت، قبر وحشر سمیت ہر موضوع پر رہنمائی کرنا دین اسلام کا خاصہ ہے۔ جبکہ فروغ تعلیم، پرامن معاشرے کے قیام اور اسلامی اخوت پر زور دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری ذیب سجادہ نیک آباد شریف نے دورہ برطانیہ کے موقع پر بریڈفورڈ میں عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم قرآن یہ ہے کہ اللہ رب العالمین نے انسان کو بے مقصد نہیں بنایا اور ساری انسانیت نے اللہ کی جانب لوٹنا ہے اور محشر کے میدان میں حساب وکتاب کے بعد جنت ودوزخ کے فیصلے ہونے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس رات میں قرآن نازل ہوا وہ رات ہزاروں مہینوں سے عظیم ہے تو جس دل دماغ پر قرآن مجید اثر کر جائے وہ بھی عظیم تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العالمین نہ صرف رسول اللہۖ کی اطاعت ومحبت لازم قرار دی ہے بلکہ رمضان قرآن اور معرفت رحمن بھی آپۖ کے توسل سے عطا ہوئی اور نہ صرف غلام رسول کو درود وسلام کا حکم دیا بلکہ خود خالق کائنات بھی حضورۖ پر درود پڑھتے ہیں۔ مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری نے مزید کہا کہ تارکین وطن اچھے مسلمان اور اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے رہیں گے تو زبردست میسج ڈلیور ہوتا رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت خدا داد اور وطن عزیز ہے، اسے عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے کی جانے والی سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔ اس موقع پر نیک آباد شریف کی شاندار دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور شیخ المشائخ استاذ العلماء حضرت پیر محمد افضل قادری سجادہ نشین نیک آباد شریف کی جلد صحت یابی کے علاوہ استحکام پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی اجتماعی دعائیں کی گئیں۔
اعجاز احمد