پانامہ لیکس نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ہلچل مچا دی تھی لیکن اب ایک اور ایسا سکینڈل منظرعام پر آنے والا ہے کہ دنیا بھر کے ارب پتی افراد کی نیندیں حرام ہو جائیں گی۔ فرانس 24کی رپورٹ کے مطابق اب برطانیہ کے سمندر پار علاقے برمودا کی ایک آف شورلیگل فرم’ایپل بائی‘ (Appleby) کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے جس میں دنیا بھر کے امیر ترین لوگوں کی مالی تفصیلات موجود ہیں اور یہ تفصیلات بہت جلد منظرعام پر آنے والی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایپل بائی کی طرف سے بھی ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ ”ہم نے اور ہمارے کلائنٹس نے کچھ غلط نہیں کیا۔ہمارے تمام تر آپریشنز قانونی ہیں۔“ دوسری طرف پانامہ پیپرز منظرعام پر لانے والے صحافتی گروپ آئی سی آئی جے اور اس سے منسلک میڈیا ہاﺅسز نے فرم اور اس کے کلائنٹس کے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”اس ڈیٹا سے بھی ویسے ہی انکشافات متوقع ہیں جو پانامہ پیپرز میں ہوئے۔“برمودا پیپرز کا یہ نیا سکینڈل بھی میڈیا آرگنائزیشنز کا ایک عالمی کنسورشیم منظرعام پر لا رہا ہے۔