برطانوی شہر مانچسٹر کے علاقے سٹاک پورٹ میں اتوار کے روز ایک ادھیڑ عمر خاتون نے پولیس سٹیشن جا کر اہلکاروں کے سامنے ایک ایسے بھیانک جرم کا اعتراف کر لیا کہ جان کر کیا پولیس کے بھی رونگٹے کھڑے ہو گئے اور سٹاک پورٹ کے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مانچسٹر ایوننگ نیوز کے مطابق 63 سالہ خاتون باربرا کومبیز نے پولیس کو بتایا کہ اس نے کئی سال قبل اپنے والد کو قتل کر دیا تھا اور اس کی لاش گھر کے پچھے باغیچے میں دبا دی تھی۔ خاتون کی بات پر پہلے تو پولیس اہلکار یقین ہی نا کر پائے اور سمجھے کہ شاید وہ ذہنی مریضہ ہے۔ جب خاتون نے اپنی بات پر اصرار جاری رکھا تو پولیس نے اس کے گھر کے پچھلے باغیچے میں بتائی گئی جگہ پر کھدائی کی اور وہاں سے واقعی ایک انسانی ڈھانچہ برآمد ہو گیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کو تقریباً 12 سال قبل قتل کیا گیا اور مقتول کا نام کینتھ کومبیز بتایا گیا ہے۔ زمین سے برآمد ہونے والی ہڈیوں کو فورینزک تجزیے کے لئے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر ہی حتمی طور پر یہ کہنا ممکن ہو گا کہ یہ ہڈیاں واقعی کینتھ کومبیز کی ہی ہیں۔ اعتراف جرم کرنے والی خاتون باربرا کومبیز پولیس کی حراست میں ہے اور اس کے خلاف قانونی کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
![](https://usercontent.one/wp/www.urdufalak.net/wp-content/uploads/2018/01/63-yeaars-old-woman-got-arrested.jpg)
Recent Comments