خواب میں گوشت کھانا اسکی اقسام پر تاویل کرتا ہے کہ اس خواب کی تعبیر کیسی ہوگی۔معبرین کا کہنا ہے کہ حرام گوشت کھانے والوں کو آنکھ کھلتے ہی استغفار کرنی چاہئے تاکہ اس خواب کے اثرات ظاہر نہ ہوں۔البتہ خواب میں حلال جانور کا پکا ہوا گوشت کھانا مال و دولت ملنے کی نشانی ہے جبکہ کچا گھوشت رنج اور نقصان کی دلیل ہے ۔خواب میں گوشت خریدنا یا بیچنا بھی رنج اور دکھ کے مسائل کی جانب اشارہ ہے۔اگر کوئی یہ دیکھ لے کہ اس نے اپنے جسم کا گوشت نوچ کر کھایا ہے تو ایسا فرد اپنے اہل خانہ کی غیبت کرے گا یا ایسی حرکت کرے گا کہ بعد میں شدید پیشمان ہوگا۔اگر دوسرے انسانوں کا گوشت کھایا ہے تو ایسا انسان غیبت کرنے والا ہوگا ۔
خواب میں مختلف جانوروں کے گوشت کے حوالہ سے معبرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ذبح کی ہوئی کوئی بکری گھر میں لایا ہے تو ان کا کوئی بااثر فرد اللہ کو پیارا ہوجائے گا۔دیکھے کہ ذبح شدہ بکری کا کچھ حصہ اپنے گھر لایا تو خود نزع میں مبتلا ہوگا۔اگر اس نے قصاب سے گوشت خریدا ہے اور گھر لایا ہے تو اسکا وقت آخرقریب ہوگا۔
خواب میں بھنا ہوا گوشت کھانا بھی دکھ اور پریشانی کا موجب ہے۔
اگر دیکھے کہ اس نے اونٹ کا گوشت کھایا ہے تو دشمن سے مال حاصل کرے گا۔دیکھے کہ چڑیا کا گوشت کھایا ہے تو اپنے دشمن یا اپنے بیٹے کا مال کھائے گا،خواب میں چکور کا گوشت کھانے والا کسی بے وفا کا مال کھائے گا۔گدھے کا گوشت کھایا ہے تو مال حرام کھائے گا۔ طوطے کا گوشت کھایا ہے تو فضول علم سیکھے گا۔ کبوتر کا گوشت کھایا ہے تو کسی عورت کے مال سے اسکو فائدہ ہوگا۔(واللہ اعلم الصواب )
Recent Comments