امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے بگ آئی لینڈ کا خوفناک آتش فشاں کیلاﺅ پھٹنے کو ہے۔ اس کے پوری طرح پھٹنے سے پہلے ہی خطرناک گیسیں اور دہکتا ہوا لاوا خارج ہونے لگا ہے اور جزیرے کے رہائشی علاقوں کی جانب بہہ رہا ہے۔ جزیرے کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے پانچ شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد آتش فشاں سے لاوا خارج ہونے لگا اور اب تک سینکڑوں ہلکے جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انتہائی خطرناک صورتحال کے پیش نظر 10ہزار سے زائد افراد کو اپنے گھر خالی کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ساڑھے چار بجے سے پورے جزیرے میں خطرے کے سائرن بجائے جارہے ہیں۔ ہوائی کاﺅنٹی سول ڈیفنس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ لاوا ان کے گھروں کی جانب بڑھ رہا ہے البتہ اس کی مقدار ابھی کافی کم ہے۔ آتش فشاں میں بڑے دھماکے ہونے سے لاوا پوری طرح بہہ نکلے گا لہٰذا لوگ جلد از جلد اپنے گھروں کو خالی کردیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آتش فشاں میں 492 فٹ کا سوراخ ہوچکا ہے جس میں سے لاوا باہر نکل رہا ہے۔ خطرناک گیسیں تیزی کے ساتھ فضا میں خارج ہورہی ہیں خصوصاً سلفر ڈائی آکسائیڈ کی بھاری مقدار ماحول میں داخل ہوچکی ہے جو کہ انسانوں کے لئے نقصان دہ ہے اور فضا میں نمی کے ساتھ مل کر تیزابی بارش کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
ایک مقامی شہری اکائکا مارزو نے ہونولولو سٹار ایڈورٹائزر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے لاوے کے فوارے کو پھوٹتے ہوئے دیکھا جو کہ ہو امیں تقریباً 150 فٹ کی بلندی تک جارہا تھا۔ کچھ دیر بعد لاوے کا بہاﺅ رک گیا لیکن اب خبردار کیا جا رہا ہے کہ پہلے سے بڑا دھماکہ ہونے والا ہے۔
مقامی میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آتش فشاں سے دھویں کے بادل اٹھتے نظر آرہے ہیں جبکہ زمین پر دہکتا ہوا لاوا خوفناک منظر پیش کررہا ہے۔ یہ لاوا آگ کی باریک لکیر کی طرح پہاڑ کی بلندی سے نشیبی علاقوں کی جانب بہہ رہا ہے۔ ریاست کے گورنر ڈیوڈ آئیگے نے ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے اور مدد کے لئے نیشنل گارڈ کو بھی طلب کرلیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ فضامیں سلفر کی بو محسوس کرسکتے ہیں او رجلتے ہوئے درختوں کو دیکھ سکتے ہیں۔ جزیرے پر خوف کا سماں ہے او رہر کوئی اپنی جان بچانے کے لئے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہا ہے۔
Recent Comments