آدمی کا تعلیم یافتہ ہونا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے لیکن اگر آپ کے پاس تعلیم نہیں تو متفکر ہونے کے ضرورت نہیں کیونکہ اب ایک برطانوی ارب پتی شخص نے تعلیم کے بغیر بھی امیر ہونے کا آزمودہ طریقہ بتا دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق آئیو گورڈن نامی یہ شخص خود بھی تعلیم یافتہ نہ ہونے کے باوجود ارب پتی ہے اور کامیاب کاروبار چلا رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ”مجھے سکول سے نکال دیا گیا تھا اور میں کچھ عرصہ فوسٹر کیئر میں بھی رہا ہوں کیونکہ میری ماں جیل میں تھی۔ مجھے لوگ تضحیک کا نشانہ بناتے تھے لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔ نوجوانی میں ہی میں پراپرٹی کے کاروبار کے متعلق ہونے والے سیمینارز میں شرکت کرنے لگا تھا۔ میں اس کاروبار کے متعلق زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتا تھا۔ میں نے ایسے لوگوں سے رابطے بڑھائے جو اس سلسلے میں میری مدد کر سکتے تھے۔ اس کاروبار کے متعلق مناسب آگاہی حاصل کرنے کے بعد میں نے یہ کام شروع کیا اور آج اپنی کمپنی کامیابی سے چلا رہا ہوں۔“رپورٹ کے مطابق آئیوگورڈن نے اپنے کاروبار میں اتنی تیزی سے ترقی کی کہ محض 30سال کی عمر میں ہی کروڑ پتی بن گیا تھا۔
لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے آئیو گورڈن کاکہا کہ ”جو لوگ تعلیم یافتہ نہیں ہیں لیکن ترقی کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ جس شعبے میں وہ کام کرنا چاہتے ہیں اس کے کسی ماہر کو اپنا استاد بنا لیں۔ ایسے دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت مت گزاریں جو اس سلسلے میں آپ کی خاطرخواہ مدد نہ کر سکتے ہوں۔ خود کو اپنے خول سے باہر نکالیں اور اس کام میں بڑے اور جرا¿ت مندانہ اقدام اٹھائیں۔ ایک کاغذ پر اپنے مقاصد اور پلان کو تحریر کریں اور اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو اس کے متعلق بتائیں کہ آپ یہ کچھ حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ اس سے آپ کو تحریک ملے گی۔ مسلسل اس کام کے متعلق آگہی حاصل کرتے رہیں اور ایسے لوگوں کا ایک نیٹ ورک بنائیں جو اس شعبے میں آپ کی مدد کر سکتے ہوں۔ وقت بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن آپ کو وقت اور پیسے کے درمیان ایک توازن قائم کرنا ہو گا۔ اگر آپ زیادہ پیسوں کے لیے پارٹ ٹائم جاب بھی کر رہے ہیں تو اسے چھوڑ دیں تاکہ آپ کو اپنے خواب کی تعبیر پانے کے لیے جدوجہد کا زیادہ وقت مل سکے۔ اپنے منتخب کردہ شعبے سے متعلق آپ کو کوئی بھی کام ملے تو فوراً حامی بھر لیں لیکن اپنی نظریں اس منزل پر رکھیں جو آپ نے اپنے لیے متعین کر رکھی ہے۔ ایسا کرنے سے آپ کو بہت جلد کامیابی نصیب ہو گی۔“
Recent Comments