یہ پاکستانی دبئی کے صحرا میں روزانہ 15 کلومیٹر سفر کرتا ہے تاکہ۔۔۔ وجہ جان کر آپ بھی عش عش کر اُٹھیں گے

یہ پاکستانی دبئی کے صحرا میں روزانہ 15 کلومیٹر سفر کرتا ہے تاکہ۔۔۔ وجہ جان کر آپ بھی عش عش کر اُٹھیں گے

بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت و جفاکشی سے تو وطن کا نام روشن کرتے ہی ہیں مگر ان میں سے بہت سے ایسے ہیں جو اپنے فلاحی کاموں کے ذریعے بھی اہل وطن کے لئے فخر کا سبب بن رہے ہیں۔ ایک ایسی ہی مثال ابوظہبی میں مقیم یہ پاکستانی نوجوان ہے جو روزانہ بنجر صحرا میں میلوں کا سفر کرتا ہے اور وہاں کھانے کی تلاش میں بھٹکتے بھوکے کتوں کو کھانا کھلا کر آتا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق نوجوان ذیشان علی نے یہ سلسلہ گزشتہ ایک سال سے شروع کررکھا ہے اور وہ روزانہ باقاعدگی سے ان بھوکے جانوروں کو کھانا دینے کے لئے جاتا ہے۔ ان بے سہارا جانوروں میں سے بڑی تعداد میں ایسے ہیں جنہیں ان کے مالکان نے بوجوہ چھوڑ دیا اور اب یہ بھوک پیاس کے مارے بنجر صحراﺅں میں بھٹکتے پھرتے ہیں۔

ذیشان کا کہنا ہے کہ وہ اکثر رات 10 بجے کے قریب صحرا کی جانب روانہ ہوتا ہے اور تقریباً نصف شب تک 15کلومیٹر پر محیط اپنا سفر مکمل کرکے واپس آجاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کام کے سلسلے میں ایک بار صحرائی علاقے میں گئے تھے تو انہوں نے وہاں بہت سے کتوں کو دیکھا جن کی حالت قابل رحم نظر آرہی تھی۔ بس اسی دن انہوں نے فیصلہ کر لیا کہ ان جانوروں کے لئے جو ہو سکا ضرور کریں گے۔

جانوروں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے ادارے اینیمل ایکشن یو اے ای کے تعاون سے ذیشان بے سہارا کتوں کو خوراک فراہم کر رہے ہیں، لیکن اس این جی او کی مدد حاصل ہونے سے پہلے وہ اپنی جیب سے ان جانوروں کے لئے خوراک خرید کر روزانہ انہیں پہنچاتے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ اب این جی او کی جانب سے انہیں کافی مدد مل جاتی ہے، مگر بے سہارا جانوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث یہ مدد بھی کم پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں