وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے ۔وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے حوالے سے فواد چوہدری نے قوم کو اپنے ایک ٹوئٹ میں آگاہ کیا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدالت کی جانب سے آسیہ بی بی کی بریت کے بعد وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بھی بات کریں گے ۔
واضح رہے کہ آسیہ مسیح کو توہین عدالت کیس میں ذیلی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی جس کے خلاف ملزمہ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 8 اکتوبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنادیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ مسیح کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ادھر نیب کی جانب سے 71بیورو کریٹس اور سیاستدانوں کی فہرست تیار کر لی ہے جن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ادھر وزیراعظم عمران خان اپوزیشن رہنماﺅں کے احتساب کی بات کر رہے ہیں جس سے اپوزیشن رہنماﺅں میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کی گئی ہے ۔دوسری جانب وزیر اعظم نے تین نومبر کو دورہ چین کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن اب وہ اپنے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے کل شام ہی چین کے لیے روانہ ہو رہے ہیں ۔وزیراعظم کے دورہ چین کو ملک میں جاری معاشی بحران کے تناظر میں بڑی اہمیت دی جا رہی ہے ۔آج وزیراعظم کے خطاب کے دوران دورہ چین اور احتساب کے عمل کے حوالے سے بھی قوم کو اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے ۔