نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب اضافی موبائل فون لانے والے چینی مسافروں سے اضافی ڈیوٹی وصول کی گئی۔ مسافروں نے ڈیوٹی وصول کیے جانے پر ایئر پورٹ پر ہی احتجاج شروع کردیا اور ایئر پورٹ کے خارجی دروازے پر لیٹ گئے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دو چینی مسافر لیان ژہوفو اور لی ژہنٹاؤ چائنہ سائوتھ ایئر لائن کی پرواز سی زیڈ 6007 کے ذریعے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے۔طیارےسے باہر نکلتے ہی انہیں کسٹمز کے اہلکاروں نے روک لیا کیونکہ ان مسافروں کے پاس 6 موبائل فونز تھے جس کے باعث انہیں 4 موبائل فونز پر اضافی ڈیوٹی ادا کرنا پڑی۔ حکام نے چینی مسافروں سے 4 موبائل فونز پر 285 ڈالر ڈیوٹی وصول کی ۔حکومت کی موبائل ٹیکس پالیسی کے مطابق غیرملکی سیاحوں کو بھی پاکستان آمد پر ایک ہی فون ٹیکسز کے بغیر لانے کی اجازت ہے اور ایک کے علاوہ دیگر تمام ڈیوائسز پر تیس دن کے اندر ٹیکسز جمع کرانا ہوں گے ۔