پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز تیزی کا رجحان رہا اور انڈیکس 313 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا ہے۔
جمعہ کو سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 313 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 41 ہزار 113 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ کاروبار کے دوران 12 کروڑ 75 لاکھ 48 ہزار 440 شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 6 ارب 80 کروڑ 17 لاکھ 95 ہزار 720 روپے رہی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سینیٹ میں سٹاک مارکیٹ میں بہتری کے حوالے سے بات کرچکے ہیں۔ جمعہ کو انہوں نے بتایا کہ پچھلے پورے سال میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جتنی کمی ہوئی تھی صرف جنوری کے مہینے میں اس سے زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں 10 اعشاریہ ایک فیصد مارکیٹ انڈیکس اور 3 ہزار 733 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔