جنوبی امریکہ کے ملک بولیویا میں ڈاکٹروں نے ایک نومولود کو مردہ قرار دے دیا جس پر والدین نے اس کی تجہیز و تکفین کا انتظام کیا اور جب اسے تابوت میں دفن کرنے لیجایا گیا تو بچہ معجزانہ طور پر زندہ ہو گیا۔ دی مرر کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ بولیویا کے شہر سانتا کروز میں پیش آیا۔ بچہ حمل کے 27ہفتے بعد پیدا ہوالیکن زچگی کے عمل کے دوران ہی ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت واقع ہو گئی۔
تاہم جب اسے دفن کرنے کے لیے لیجایا گیا تو وہاں ایک شخص نے محسوس کیا کہ بچہ سانس لے رہا ہے۔ جب لوگوں نے بچے کا بغور جائزہ لیا تو وہ واقعی سانس لے رہا تھا جس پراسے فوری طور پر واپس ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہے ۔ اس واقعے پر حکام نے بچے کو مردہ قرار دینے والے ڈاکٹروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعے پر ہسپتال کے ڈائریکٹر فیڈریکو ارکوئزو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”جب بچہ پیدا ہوا تو اس میں زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے تاہم ہمارے ڈاکٹروں نے اسے پیداہونے کے بعد دوبارہ اچھی طرح چیک کیا لیکن وہ مردہ تھا۔ اس کے بعد ایک ایک گھنٹے کے وقفے سے بچے کو مزید دو بار چیک کیا گیا لیکن نتیجہ وہی رہا جس پر ہم نے بچہ اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔ “