حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ مواقع فراہم کرنا ہے، ملائیشیا میں صنعتوں کے قیام سے غربت کا خاتمہ ہوا: مہاتیر محمد

حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ مواقع فراہم کرنا ہے، ملائیشیا میں صنعتوں کے قیام سے غربت کا خاتمہ ہوا: مہاتیر محمد

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ تعلیم اور کفایت شعاری کے ذریعے قومیں ترقی کرتی ہیں ۔ آزادی کے وقت ملائیشیا ایک غریب ملک تھا، نہ سرمایہ تھا اور نہ ٹیکنالوجی، جس کے باعث چھوٹی انڈسٹری کا سہارا لیا اور صنعتیں قائم کیں جس کے باعث ملائیشیا میں غربت کا خاتمہ ہوا، پاکستان اور ملائیشیا کو سرمایہ کاری کو آگے بڑھانا ہو گا، دنیا میں اسرائیل کے علاوہ ہمارا کوئی دشمن نہیں ہے۔

اسلام آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ میں بزنس کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ تاجروں کیلئے اشتراک کے مواقع پیدا کرنا بہت ضروری ہے اور اس طرح کی کانفرنسز دوست ممالک کو قریب لاتی ہیں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا ایک غریب ملک تھا ، ہمارے پاس سرمایہ تھا، نہ ٹیکنالوجی، جس پر ہم نے چھوٹی انڈسٹری پر انحصار کیا ، کاروباری مواقع، تعلیم اور تربیت سے صنعتوں کو فروغ دیا جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملی اور اس کے بعد آنے والے وقت میں ہم نے تیزی کیساتھ ترقی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوریا اور جاپان کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا ، ایک ایکڑ زراعت سے وہ کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا جو ایک ایکڑ پر لگے کارخانے سے حاصل کیا جا سکتا ہے اور تقریباً 500 لوگوں کو روزگار ملتا ہے جبکہ کسی بھی ملک کی ترقی میں امن و استحکام کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے، ملائیشیا میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سہلویات دی گئیں، ابتدائی طور پر دس سال ٹیکس چھوٹ دی گئی، ہمیں دونوں ممالک کی سرمایہ کاری کو آگے بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے علاوہ دنیا میں کوئی اور دشمن نہیں ہے اور اسرائیل کے ساتھ کبھی کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں رکھا جبکہ اس کے علاوہ تمام ممالک کیساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، اسرائیل اور مغربی ممالک آزادی کے حامی ہیں تو ہمیں بھی بات کرنے کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں