شارجہ میں ایک پاکستانی شہری نے پولیس کو مطلوب جرائم پیشہ شخص کی گرفتاری میں ایسی بہادر ی کا مظاہرہ کیا کہ پولیس کی طرف سے اسے تعریفی سند پیش کی گئی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق شارجہ پولیس کے طرف سے اس جرائم پیشہ شخص کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا اور لوگوں سے اس کی گرفتاری میں مدد کی درخواست کی تھی۔ مظفر حسین نامی اس پاکستانی نے اس مجرم کو دیکھ لیا اور پولیس کو اطلاع دے دی۔
رپورٹ کے مطابق مظفر حسین پولیس کو اطلاع دینے کے بعدمسلسل تب تک اس مجرم کا پیچھا کرتا رہا جب تک پولیس وہاں نہیں پہنچ گئی۔ مظفر کی اس بہادری شارجہ پولیس کے ڈپٹی جنرل کمانڈر بریگیڈیئر عبداللہ مبارک بن عامر نے اسے تعریفی سند پیش کی۔ بریگیڈیئر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ”شہریوں کی طرف سے ایسی بہادری کا مظاہرہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے میں بہت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ “ مظفر حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ”مجھے امید ہے کہ میرے اس کام سے دوسروں کو بھی ترغیب ملے گی اور وہ بھی اسی طرح جرائم کے خاتمے میں پولیس کی مدد کریں گے۔“