گزشتہ روس سری لنکا میں دہشت گردوں نے کئی بم حملے کیے جن میں غیرملکیوں سمیت 207افراد ہلاک ہو گئے۔ ان حملوں میں گرجا گھروں کے علاوہ تین ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو غیرملکیوں میں بہت مقبول تھے۔ ایک خودکش حملہ ’سینامن گرانڈ ہوٹل‘ میں ہوا جس میں امریکی اور برطانوی شہریوں سمیت 35افراد ہلاک ہوئے۔ میل آن لائن کے مطابق سینامن گرانڈ ہوٹل میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے حملہ آور نے پہلے دھماکے سے پہلے وہاں ناشتہ کیا اور پھر خودکش حملہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے قطار میں کھڑے ہو کر ناشتہ لیا اور کھانے کے بعد نسبتاً پرہجوم جگہ پر جا کر خودکش حملہ کر دیا۔ ہوٹل میں یہ حملہ صبح ساڑھے 8بجے ہوا جب ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تمام مہمان ناشتے کے لیے ایک ہال میں موجود تھے۔ دہشت گرد نے چند دن قبل جعلی شناخت اور پتے کے ساتھ ہوٹل میں کمرہ بک کروایا۔ اس نے ہوٹل کو بتایا کہ وہ کاروباری شخص ہے اور کاروبار کے سلسلے میں کولمبو آیا ہے۔پھر اس نے ایسٹر کے روز، جو کہ مصروف ترین دن تھا، خود کش حملہ کر دیا۔