دبئی ایئرپورٹ پر کسٹمز اہلکاروں نے ایک افغان شہری کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے جو حیران کن طور پر ایک کلو کرسٹل میتھ اور 34گرام چرس اپنے پیٹ میں رکھ کر لیجا رہا تھا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق کسٹمزاہلکاروں کو اس 18سالہ افغان شہری کے بار بار مڑ کر دیکھنے سے شک ہوا، جس پر انہوں نے اسے پکڑ کر تفتیش کی تو اس کے پیٹ میں منشیات کی موجودگی کا انکشاف ہو گیا۔
ایک کسٹمز انسپکٹر نے عدالت میں بتایا کہ ”ملزم نے کاﺅنٹر پر بتایا کہ اس کے پاس ڈکلیئر کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ اس کے بیگ میں بھی کوئی ممنوعہ چیز نہیں ملی تھی۔ تاہم اس دوران میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت زیادہ جلدی میں ہے اور کسی بھی طرح فوری طور پر ایئرپورٹ سے روانہ ہونا چاہتا ہے۔ جب میں نے اسے جانے کا کہا تو اس کو بغور دیکھنے لگا۔ وہ جاتے ہوئے بار بار مڑ کر دیکھ رہا تھا اور اس کی چال بھی نارمل نہیں تھی، جب پر ہم نے اسے دوبارہ روک لیا اور تفتیش کی تو اس نے پیٹ میں منشیات کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔ اس کے پیٹ سے منشیات سے بھرے ہوئے 120کیپسول برآمد ہوئے۔“