ہم سفر میں ہوں اور فون کی بیٹری ختم ہونے کو آئے تو کیا صورتحال ہوتی ہے، یہ ہم سبھی جانتے ہیں۔ ایسے میں لوگ ریلوے سٹیشن، ایئرپورٹ یا دیگر عوامی مقامات پر لگے چارجنگ پوائنٹس پر فون ری چارج کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم اب ماہرین نے اس کے متعلق سخت وارننگ جاری کر دی ہے اور بتا دیا ہے کہ عوامی مقامات پر لگے چارجنگ پوائنٹس پر فوج ری چارج کرنا آپ کو بہت مہنگا بھی پڑ سکتا ہے۔ دی مرر کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ”ایسی جگہوں پر فون ری چارج کرنا ایسے ہی ہے جیسے آپ کو گلی میں کسی کا استعمال شدہ ٹوتھ برش گرا پڑا ملے اور آپ اسے اٹھا کر خود استعمال کرنے لگیں۔“
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق ان چارجنگ پوائنٹس پر غالب امکان ہوتا ہے کہ انہیں ہیکرز نے موڈیفائی کر رکھا ہو اور ان سے فون منسلک کرتے ہیں وہ آپ کا ڈیٹا چوری کر لیں یا کوئی خوفناک سافٹ ویئر آپ کے فون میں انسٹال کر دیں اور آپ کو پتا بھی نہ چلے۔ بعد میں وہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے آپ کے فون کے ساتھ جو چاہیں کر لیں۔آئی بی ایم سکیورٹی کے شعبے ’ایکس فورس تھریٹ انٹیلی جنس‘ کے نائب صدر کیلب بارلو کا کہنا تھا کہ ”عوامی مقامات پر لگے چارجنگ پوائنٹس پر فون ری چارج کرنا انتہائی احمقانہ حرکت ہے۔ کسی کو کیا معلوم کہ یہ چارجنگ یو ایس بیزپیچھے کس چیز سے منسلک ہیں۔ جو بھی ان پر فون ری چارج کرتا ہے اسے علم ہونا چاہیے کہ یہ چارجنگ یو ایس بیز ڈیٹا بھی منتقل کر سکتی ہیں۔“