سندھ میں 8ماہ کے دوران ڈینگی سے کتنے افراد جان کی بازی ہارے ؟صوبائی محکمہ صحت نےاعدادوشمار جاری کر دیئ

سندھ میں 8ماہ کے دوران ڈینگی سے کتنے افراد جان کی بازی ہارے ؟صوبائی محکمہ صحت نےاعدادوشمار جاری کر دیئے

صوبہ سندھ میں ڈینگی مچھروں کےموزی وار سے  کتنے افراد  جاں  بحق ہوئے؟وزیر اعلیٰ سندھ  سید مراد   علی  شاہ کے استفسار پر محکمہ صحت نے صوبےبھر سے  اعداد وشمار اکٹھے  کر  کے رپورٹ وزیر  اعلیٰ ہاؤس میں جمع کرا دی،صوبہ بھر میں گذشتہ 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے،ان میں سے صرف 6 مریض جانبر نہ ہوسکے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کی جانب سے کئے جانے والے استفسارپر صوبائی محکمہ صحت نے سی ایم سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہصوبہ بھر میں گذشتہ 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے،ان میں 167 ضلع وسطی،147 ضلع شرقی،141 ضلع جنوبی اور 155 ضلع غربی ، 69 ملیر اور 52کورنگی میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔حیدرآباد میں 14 ، ٹنڈو الہیار میں 2، مٹیاری میں 2، بدین میں ایک کیس،ٹھٹھہ میں ایک ، جام شورو میں 2، دادو میں ایک، میرپورخاص میں 4، تھرپارکر میں ایک ، سانگھڑ میں ایک ، لاڑکانہ میں 6، قمبرشہداد کوٹ میں 2، شکارپور میں 2، جیکب آباد میں 3، کشمور میں 4، سکھر میں 2، شہید بے نظیرآباد میں 3، گھوٹکی میں 4، خیر پور میں 4،نوشہروفیروز میں ایک،غیر متعینہ اضلاع میں 464 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایاگیاکہ صرف اگست میں 207 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صرف شہر میں 6 اموات ہوئی ہیں جن میں ایک ملیر میں ، ایک ضلع غربی، 2 کورنگی میں ، ایک ضلع جنوبی اور ایک شرقی میں ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی پروگرام کے ذریعے  ایک آگاہی مہم  شروع کرے تاکہ لوگ حفاظتی اقدامات کرسکیں۔مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ وہ  لوکل باڈیز کے ذریعے صوبہ بھر میں  فیومیگیشن شروع کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں