ہر سال بلیک فرائیڈے منایا جاتا ہے جس پر ہر طرح کی اشیاءرعایتی نرخوں پر فروخت کی جاتی ہیں۔ اب روایتی انٹرنیٹ پر لگنے والے اس سیل میلے کی خفیہ انٹرنیٹ پر نقل شروع ہو گئی ہے اور وہاں منشیات فروش اور دیگر جرائم پیشہ لوگ بھی بلیک فرائیڈے منانے لگے ہیں جس میں منشیات، اسلحے اور دیگر ہر نوع کی غیرقانونی اشیاءکم قیمت پر فروخت کی جانے لگی ہیں۔سکائی نیوز کے مطابق سائبرسکیورٹی ماہرین کاکہنا ہے کہ ڈارک ویب پر منشیات، جعلی شناختی کارڈز اور انٹرنیٹ صارفین کے چوری کیے گئے ڈیٹا وغیرہ کی سیل لگ چکی ہے۔ آن لائن سکیورٹی فرم ڈیجیٹل شیڈوز کی طرف سے ڈارک ویب پر اس سیل کے سکرین شاٹ بھی اپنی رپورٹ میں پوسٹ کیے گئے ہیں۔
فرم کے شریک بانی جیمز شیپل کا کہنا ہے کہ ”ہم نے دیکھا ہے کہ ڈارک ویب پر جرائم پیشہ افراد بھی اپنی اشیاءفروخت کرنے کے لیے وہی حکمت عملیاں اپنا رہے ہیں جو عام کاروباری ادارے بلیک فرائیڈے پر اپناتے ہیں۔ وہ بھی اسی طرح ڈیلز اور ڈسکاﺅنٹ کوڈز دے رہے ہیں جیسے عام ای کامرس ویب سائٹس پر دیئے جاتے ہیں۔ہماری تحقیق کے مطابق ڈارک ویب پر جرائم پیشہ لوگ اربوں کا کاروبار کر رہے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق صرف برطانیہ میں 2017-18ءمیں ڈارک ویب پر 2کروڑ 40لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 4ارب 80کروڑ روپے) کی غیرقانونی اشیاءفروخت کی گئیں۔ “