پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کو گزشتہ ایک دہائی میں ایشیاءکے تیسرے پرکشش ترین مرد کا اعزاز دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی اخبار ’ایسٹرن آئی‘ کی جانب سے ایشیاءکے پرکشش ترین مردوں کے حوالے سے ایک آن لائن سروے کیا گیا جس میں لوگوں سے رواں سال اور گزشتہ ایک دہائی میں پرکشش ترین مردوں کے بارے میں پوچھا گیا، اس فہرست کے ٹاپ ٹین میں 2 پاکستانی بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
مداحوں کی جانب سے ووٹنگ کے نتیجے میں پاکستانی ماڈل واداکار بلال اشرف رواں سال میں پاکستان کے سب سے پرکشش مرد قرار پائے ہیں اور وہ ٹاپ ٹین میں جگہ پانے والے واحد پاکستانی ہیں جبکہ گلوکار وادکار علی ظفر کو گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایشیاءکے پرکشش ترین مردوں میں تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
رواں سال دنیا کے پرکشش ترین مرد اور گزشتہ ایک دہائی میں ایشیاءکے پرکشش ترین مرد کا اعزاز بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن کو دیا گیا ہے اور ٹاپ ٹین میں زیادہ تر بھارتی اداکاروں کو ہی جگہ ملی ہے، اس فہرست میں برطانوی گلوکار زین ملک، بھارتی ماڈل وادکار ویوان ڈسینا، بالی ووڈ سلطان سلمان خان، بھارتی اداکار شاہد کپور، بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی، بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور، رنویر سنگھ اور پربھاس بالترتیب دوسرے سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
گلوکار علی ظفر نے اس حوالے سے ٹاپ ٹین میں موجود تمام لوگوں کی تصاویر سمیت ایک ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار بھی کیا۔