2012ءمیں ’مس پاکستان ورلڈ‘ کا تاج سر پر پہننے والی ملکہ حسن امریکہ میں کار حادثے میں جاں بحق ہو گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 32سالہ زینب نوید نامی یہ لڑکی اپنی گاڑی میں جا رہی تھی کہ گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ کر دوسری سڑک پر جا گری جہاں دوسری سمت سے آنے والی کئی گاڑیاں اس سے ٹکرا گئیں۔پولیس اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور زینب نوید کو گاڑی سے نکالا تاہم تب تک اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق زینب نوید کی پیدائش لاہور میں ہوئی تھی اور وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پومونا میں رہائش پذیر تھی۔ اس نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے’مس پاکستان ورلڈ‘ کے مقابلہ حسن میں لاہور کی نمائندگی کی تھی اور فاتح قرار پائی تھی۔ اس نے 2012ءہی میں فلپائن میں ہونے والے مقابلہ حسن ’مس ارتھ‘ میں بھی شرکت کی تھی۔ اس نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر خود کو ’مس پاکستان یو ایس اے آرگنائزیشن‘ کی صدر بتا رکھا تھا۔