پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کسی بھی موبائل فون کمپنی کی سروسز معطل نہیں ہوئی ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے پاکستان میں تمام سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) بغیر کسی تعطل کے اپنے صارفین کے لئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں، کسی بھی موبائل آپریٹر کی سروس کی بندش کے حوالے سے افواہیں درست نہیں ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے صارفین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں اور انہیں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے موبائل فون صارفین میں بے چینی و تشویش پھیل سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے اپنے بیان میں مزید کہا عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لئے ہمیشہ سرکاری اور مستند معلومات کے ذرائع جیسے کہ پی ٹی اے کی ویب سائٹ http://pta.gov.pk اور پی ٹی اے کے ٹویٹر اور فیس بک کے پیج ملاحظہ فرمائیں۔