پاکستانی فیشن انڈسٹری کی معروف ماڈل ایمان سلیمان اور سید جمیل حیدررضوی نے سادگی کے ساتھ نکاح کرلیا۔انسٹاگرام پر جمیل حیدر کے ساتھ اپنی ایک روما نوی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اب ہم محرم ہیں‘۔
دونوں کے نکاح پر نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ کئی شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ایمان سلیمان کے دوست عدنان ملک اور میشا شفیع بھی مبارکباد دینے والوں میں شامل ہیں جبکہ ماڈل کی قریبی دوست زارا پیرزادہ اور تفریحی میگزین نے سوشل میڈیا پر نوبیاہتے جوڑے کے نکاح کی تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماڈل ایمان سلیمان نے عروسی دوپٹا لیے قمیض شلوار زیب تن کیا ہوا ہے اور ساتھ ہی معمولی سا میک اپ کیا ہوا ہے۔جیونیوز کے مطابق ایمان سلیمان کے نکاح کی تقریب سادگی سے ہوئی جس میں ان کے قریبی رشتہ دار اور چند دوستوں نے شرکت کی۔