’’میت کو چند گھنٹوں کے اندر اندر غسل دیا جائے اور ۔ ۔ ۔ ‘‘ اسلام آباد کی انتظامیہ نے ہدایات جاری کردیں

’’میت کو چند گھنٹوں کے اندر اندر غسل دیا جائے اور ۔ ۔ ۔ ‘‘ اسلام آباد کی انتظامیہ نے ہدایات جاری کردیں

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے قومی ادارہ برائے صحت کے ماہرین سے مشاورت کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کا طریقہ کار وضع کر دیا ہے،اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے کسی بھی فرد کی میت کو غسل دینے والے افراد کورونا کا احتیاطی لباس پہنیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس لباس میں قابل تلف دستانوں کا جوڑا، قابل تلف گاؤن، چہرہ اور آنکھوں کو بچانے والے عینک اور ماسک پہننا ضروری ہے، ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ میت کو چند گھنٹوں کے اندر اندر غسل دیا جائے اور تدفین کا عمل مکمل کیا جائے،میت کو کم از کم تین بار صاف پانی سے غسل دیا جائے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق ایسی تمام اشیاء جو بیماری کے دوران مریض کے زیر استعمال رہیں ان کو تلف کر دیا جائے اور گھر کو وائرس سے پاک کرنے کے لیے کلورین سلوشن کا استعمال کیا جائے۔

مزید  کہا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی لباس کو فوری طور پر ہسپتال یا تلف کرنے کے لیے مختص جگہ پہنچایا جائے، میت کو لے جانے والی گاڑی کو بھی مکمل طور پر وائرس سے پاک کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کے طریقہ کار کے حوالے سے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا اور اس پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں