دنیا بھر میں طبی عملہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پہلے محاذ پر لڑ رہا ہے اور جانوں کی قربانیاں بھی دے رہا ہے۔ مصیبت کے ان دنوں میں ہمت و حوصلے سے کورونا وائرس کے مریضوں کو زندگی کی طرف لوٹانے کی جدوجہد کرنے والے ان عظیم لوگوں تکریم دنیا کے ہر ملک میں دیدنی ہے۔ گزشتہ دنوں بھارتی شہر بنگلور میں ایک خاتون ڈاکٹر 20دن کی مسلسل ڈیوٹی کے بعد گھر پہنچی تو گھر اور سوسائٹی کے لوگوں نے ایسا استقبال کیا کہ ڈاکٹر کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرخ لباس میں ملبوس ڈاکٹروجیاشری اپارٹمنٹ بلڈنگز کے درمیان میں کھڑی ہوتی ہے اور کئی منزلہ عمارتوں کی ہر بالکونی اور کھڑکی میں کھڑے لوگ تالیاں بجا کر اور اس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اس کا استقبال کر رہے ہوتے ہیں۔
اپنا ایسا استقبال دیکھ کر خاتون ڈاکٹر آبدیدہ ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹر وجیا شری ایم ایس رامیہ میموریل ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کر رہی ہے۔ وہ مسلسل 20روز تک دن رات ڈیوٹی کرنے کے بعد گھر واپس آئی تھی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ڈاکٹر وجیاشری کے استقبال کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں طبی عملے کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔