اس جہان تگ و دو میں بہت سوں کی خواہش ہو گی کہ وہ کوئی کام بھی نہ کریں اور انہیں آمدنی بھی ہوتی رہے۔ اب جرمنی کی ایک یونیورسٹی نے یہ نادر موقع لوگوں کو فراہم کر دیا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں واقع یونیورسٹی آف فائن آرٹس کے ماہرین لوگوں کے سست پن اور آگے بڑھنے کی امنگ کے فقدان پر ایک تحقیق کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں سینکڑوں رضاکار درکار ہیں۔
ان رضاکاروں کو کچھ نہیں کرنا ہو گا، صرف سستی دکھانی ہو گی اور ہمہ وقت پڑے رہنا ہو گا۔ اس کے عوض انہیں 1600یورو (تقریباً 3لاکھ 18ہزار روپے) معاوضہ دیا جائے گا۔یونیورسٹی کی طرف سے لوگوں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ اس درخواست فارم میں لوگوں سے چار سوالات پوچھے گئے ہیں اور ان کے جوابات کی بنیاد پر ہی درخواست دینے والوں میں سے مناسب لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ان سوالات میں ’آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟‘ ، ’آپ کتنے عرصے تک یہ کرنا چاہتے ہیں؟‘،’یہ کام نہ کرنا آپ کے نزدیک اہم کیوں ہے؟‘ اور ’یہ کام نہ کرنے کے لیے آپ مناسب آدمی کیوں ہیں؟‘ شامل ہیں۔ جو لوگ ان سوالات کے تسلی بخش جوابات دیں گے انہیں بغیر کام کے تنخواہ والی اس نوکری پر رکھ لیا جائے گا۔