سوویت یونین نے 1961ءمیں سرد جنگ کے عروج کے زمانے میں آرکٹک سرکل میں ایک ایٹم بم کا دھماکہ کیا تھا۔ اس بم کا نام ’زار بومبا‘ تھا جو 50میگاٹن وزنی تھا۔ اس سے جو دھماکہ ہوا وہ ہیروشیما پر گرائے جانے والی ایٹم بم سے 3ہزار 333گنا زیادہ طاقتور تھا۔ یہ روئے زمین پر انسان کی طرف سے کیا گیا آج تک کا سب سے طاقتور دھماکہ تھا۔ آج تک اس دھماکے کی ویڈیو روس نے دنیا سے مخفی رکھی تاہم اب بالآخر یہ ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکہ ہونے سے ایک ہولناک آواز ہوتی ہے اور آگ اور تابکاری کا ایک ہیولا آسمان بلند ہوتا ہے اور 40سیکنڈ تک اوپر اٹھتا چلا جاتا ہے اوربادلوں سے بھی اوپر جا کر انہی بادلوں میں تحلیل ہو جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کیمرا مینوں کو اس دھماکے کو فلمانے اور اس کی تصاویر میں بھی شدید دقت کا سامنا کرناپڑاحالانکہ یہ کیمرا مین دھماکے کی جگہ سے سینکڑوں میل دور کھڑے تھے۔ زار بومبا سے جو دھماکہ ہوا اس کی شدت 5کروڑ ٹن تھی۔ کیمرا مینوں نے اپنے کیمرے ’کم روشنی‘ والے موڈ پر کر رکھے تھے تاکہ دھماکے سے پیدا ہونے والی تیز روشنی کی وجہ سے وہ اندھے نہ ہو جائیں۔ جو کیمرا مین دھماکے کی جگہ کے سب سے زیادہ قریب تھا وہ ایک جنگی جہاز میں موجود تھا اور دھماکے کی جگہ سے 100میل کے فاصلے پر تھا۔ اس کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے سے اٹھنے والا آگ اور تابکاری کا گولا بادلوں سے بھی سینکڑوں میٹر اوپر پہنچ جاتا ہے۔ یہ گولا آسمان میں 2لاکھ 13ہزار فٹ کی بلندی تک گیا تھا، جو کہ مسافر جہاز کی بلند ترین پرواز سے 6گنا زیادہ بلندتھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو 6دہائیوں سے صیغہ راز میں رکھی گئی تھی تاہم 20اگست کو روسی نیوکلیئر ایجنسی ’روساتم‘ نے اپنے قیام کی 75ویں سالگرہ یہ ویڈیو بالآخر جاری کر دی۔