نظام دوران خون اور دل کی بیماریاں ان دنوں دنیا میں موت کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں۔ اب برائٹ سائیڈ نامی تنظیم کے ماہرین نے نظام دوران خون اور دل کی صحت چیک کرنے کا ایک انتہائی آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ اس طریقے کے لیے آپ کو صرف ایک بڑے پیالے یا بیسن، ٹھنڈے پانی اور برف کے چند ٹکڑوں کی ضرورت ہو گی اور آپ محض30سیکنڈ میں معلوم کر سکیں گے کہ آپ کے دل کی صحت کیسی ہے۔دی مرر کے مطابق سب سے پہلے کوئی ایسا پیالہ وغیرہ لیں جس میں آپ کے دونوں ہاتھ ڈوب سکیں۔
اس پیالے کو ٹھنڈے پانی سے بھر دیں اور اس میں برف کے چند ٹکڑے ڈال دیں۔ اب اپنے ہاتھوں کو مکمل طور پر اس پانی میں ڈبو دیں اور 30سیکنڈ تک ڈبوئے رکھیں۔ اس سے کم یا زیادہ وقت کے لیے مت ڈبوئیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ جب آپ 30سیکنڈ کے بعد ہاتھ پانی سے باہر نکالیں گے تو آپ کو دو طرح کے نتائج ملیں گے۔ ایک یہ کہ ٹھنڈے پانی میں رہنے کے باعث آپ کی انگلیاں سرخ ہو جائیں گی جو کہ اچھی بات ہو گی۔ اس کا مطلب ہو گا کہ آپ کے نظام دوران خون میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور آپ کے خون میں آکسیجن کی کافی مقدار موجود ہے۔ اس کا یہ مطلب بھی ہو گا کہ آپ کے پورے جسم میں خون کی گردش بہتر طریقے سے ہو رہی ہے اور آپ کے دل کی صحت اچھی ہے۔ دوسرا نتیجہ یہ نکل سکتا ہے کہ آپ کی انگلیاں نیلاہٹ آمیزپیلے رنگ کی ہو جائیں گی۔ یہ نتیجہ خطرے کی علامت ہو گا۔ اس کا مطلب ہو گا کہ آپ کے جسم میں خون کی گردش ٹھیک نہیں ہو رہی ، آپ کے خون میں آکسیجن کی مقدار بھی کم ہے اور آپ کے دل کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔انگلیاں پیلی تب ہوتی ہیں جب خون کے سرخ خلیات میں آکسیجن کا لیول کم ہو اور جسم میں اس کی گردش سست ہو رہی ہو۔ایسی صورت میں اگر آپ ڈاکٹر سے رجوع کریں اور کچھ ٹیسٹ کروا لیں تو بہتر ہو گا۔