چین کے جدید ترین اسلحے کے بارے میں گاہے ایسی خبر سامنے آتی ہے کہ اس کے مخالف ملکوں کی راتوں کی نیند اڑ جاتی ہیں۔ اب برطانوی ماہرین نے چین کے ایک اور ایسے ہتھیار کے بارے میں بتا دیا ہے کہ جس کے تیار ہونے کے بعد چین امریکہ کے کسی بھی علاقے کو باآسانی نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ایک نیا سٹیلتھ بمبار طیارہ‘ ہے، برطانوی ماہرین نے جس کا نام ’ایچ 20‘ بتایا ہے۔ برطانوی ادارے ’رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ‘ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ انتہائی خطرناک اور پراسرار ہے۔ اس کے بارے میں حتمی معلومات کسی کے پاس نہیں ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق یہ ’سب سانک‘ (Subsonic)بمبار طیارہ امریکہ کے دورافتادہ علاقے گوام کو بھی نشانہ بناسکتا ہے اور امریکی ریاست ہوائی بھی اس کی رینج میں ہو گی۔ یہ طیارہ روایتی اور ایٹمی دونوں طرح کے میزائل لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ خطرناک طیارہ تیاری کے مراحل میں ہے۔ پینٹا گون کے ماہرین کا بھی ماننا ہے کہ اس طیارے کی رینج 5ہزار میل (تقریباً8ہزار کلومیٹر) سے زائد ہو سکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ امریکی ریاست ہوائی بھی اس کی رینج میں ہو گی۔